
افروزعنایت
لاکھوں درود و سلام میرے نبی کریم کی ذات اقدس پر۔آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سیرت مبارکہ کا ہررخ امت مسلمہ کے لئے
رہنمائی کا سبب ہے۔یوں سمجھیں کہ ہمیں زندگی اور آخرت کی کامیابی وفلاح کے لئےاللہ رب العزت نےایک سلیبس دے دیا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم آداب و اخلاق کا بہترین نمونہ تھے۔آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا لوگوں کےساتھ برتاؤ اورگفتگو کا اندازہ جس کی کہیں اورمثال نہیں ملتی۔
حضرت انس رضی تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے دس سال تک مدینہ میں آپ کی خدمت کی۔اس وقت میرالڑکپن تھا اور میرا ہرکام میری مرضی کے مطابق ہوتا تھا(جیسے کہ بچوں کی عادت ہوتی ہے) لیکن اپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نےاس مدت میں مجھے کبھی آف بھی نہ فرمایا (یعنی ڈانٹا بھی نہیں) اورکبھی یہ نہ فرمایا کہ تونےیہ کام کیوں کیا یا کیوں نہیں کیا (ابو داؤد)
آپ کی شخصیت کا ایک سنہری پہلو عفو درگزر،تحمل، برداشت، نرم رویہ و گفتگو بھی تھا سبحان اللہ ۔آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی ذات اقدس میں تحمل درگزرمروت اوررحم دلی کا مادہ غیرمعمولی تھا۔ اکثرسامنےوالے کی بڑی سے بڑی بات بھی برداشت کر لیتے اور تحمل و بردباری کا مظاہرہ فرماتے۔
ابوہریرہ رضہ سے روایت ہےکہ ہم نےایک اعرابی کو دیکھا جس نےآپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی گردن مبارک میں چادر ڈال کرکھینچنا شروع کیا۔ یہاں تک کہ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی گردن مبارک سرخ ہوگئی ۔ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے اس کی طرف دیکھا تو اعرابی نے کہا کہ میرے ان دونوں اونٹوں کوغلےسےلاد دیجئے۔ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے ایک شخص کوبلا کرحکم دیا کہ اس کےدونوں اونٹ لاد دو۔ ایک پرجواوردوسرے پرکھجورلاد دو(ابو دائود)
اعرابی (دیہاتی) جوعلم ، ادب اوراخلاق سے محروم تھا اس کےاس طرز عمل کو آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے بڑے صبر وتحمل سے برداشت کیا ۔ سبحان اللہ۔ سوچئے اگر یہاں ہم ہوتے تو ہمارا ردعمل کیا ہوتا۔ یہ میرے نبی کریم کی ذات اقدس کی ایک نایاب خوبی اور سیرت کا ایک ضروری پہلو تھا جس کی وجہ وہ سےآپ کے دشمن بھی دوست بن گئے ۔
آج ہمارے معاشرےمیں لڑائی،جھگڑا، نفرت ،فساد اوردوریاں مذکورہ بالا خوبیوں کے نہ ہونے کی وجہ سےہیں۔ آپ اپنےچاروں طرف نظردوڑائیں آپ کو بہت کچھ نظرآئے گا جو برداشت کا مادہ نہ ہونےکی وجہ سے ہورہا ہے۔ایک خاتون اپنی عزیزہ کی چھوٹی سی بات پراس قدربرہم ہوئیں کہ اسےدس سنادیں کہ وہ دوبارہ پلٹ کراس کے پاس نہیں آئی۔ خصوصاً ہمارے معاشرے میں اپنےسے نیچے والوں کو کمتراورحقیرسمجھا جاتا ہےاور ان کی کی کمی پیشی کوبرداشت کرنا ناممکن ہے،میں اپنا محاسبہ بھی کروں تو مجھے اپنی ذات میں بھی بہت سی غلطیاں اورکوتاہیاں نظرآتی ہیں غلط بات یانا گواربات پر صبر وتحمل بہت کم ہوتا ہے،اگر سامنے والے کی غلط بات پر ناراضی کا اظہار نہیں بھی کروں گی لیکن براضرور محسوس ہوگا ۔ یہی حال میں اپنے چاروں طرف دیکھ رہی ہوں۔ پچھلےدنوں ایک نئے شادی شدہ جوڑے میں لڑائی جھگڑے کی نوبت کورٹ کچہری تک پہنچ گئی ۔
لڑکی پیچھے ہٹنے کے لئے بالکل تیار نہیں۔ اگرچہ لڑکےکا قصورشدید نوعیت کا نہیں ہےکہ اسے لڑکی جیل کی سلاخوں کےپیچھے دیکھنے کی تمنا کررہی ہے۔یہی نہیں بلکہ اس لڑکے کی بوڑھی بیمار والدہ کوبھی جیل ڈلوائے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے۔ اس صورت حال کی وجہ متاثرہ خاندانوں کے دس افراد اذیت و تکلیف میں مبتلا ہیں۔میں نےلڑکے کی ماں کو کہا کہ آپ ہی اس بہو کومعاف کر دیں ۔ کہنے لگی ہمارے معاف کرنے کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ لڑکی کسی طرح پیچھے ہٹنےکو تیار نہیں۔ہر صورت میں معمولی بات کا بدلا لینے پرتلی ہوئی ہے۔
کیا ہم اپنے نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سنت کےمطابق ایسےموقع پردرگزر صبروتحمل کا مظاہرہ نہیں کرسکتے۔ ہم توآپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی محبت کا دعویٰ کرتےہیں آپ کی ذات اقدس پرقربان ہونے کے لیے تیار ہیں لیکن آپ کی سیرت طیبہ کی پیروی سے دور بھاگ رہیےہیں۔رب العزت ہمیں اپنےاللہ کے رسول صل اللہ علیہ والہ وسلم کی سیرت مبارکہ پرعمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے( آمین ثم آمین )یا رب کیوں کہ یہ آپ کا اسوہ حسنہ اورسیرت طیبہ بیش بہا نایاب وقیمتی ہے اور مسلم معاشروں کےاستحکام کے لئے نہایت ضروری ہے۔




































