
افروزعنایت
لاکھوں درود وسلام میرےنبی کریم کی ذات اقدس پرماشاءاللہ رب العزت نےکائنات میں روشنی اور اجالا پھیلانے کےلیے آپ کو
مبعوث فرمایا۔ جہالت اور گمراہی میں ڈوبی اس دھرتی میں اجالا پھیلانےکے لیے خوبیوں سےآراستہ کسی ہستی کی ضرورت تھی وہ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم ہی کی ذات اقدس تھی۔ اللہ رب العزت نے آپ کو ہر قسم کی صفات سے آراستہ کرکے اس جہاں میں جلوہ افروز کیا۔ امت مسلمہ کوہرقسم کی تعلیم و تربیت آپ کی ذات اقدس سے مل سکتی ہے،اسی لئے ہمیں اتباع رسول کی پیروی کا حکم دیا گیا ہے۔ سبحان الله
ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ رسول کی اطاعت کرو اوراپنے عملوں کو باطل نہ کرو (پارہ 26)یعنی آپ کےاسوہ کی پیروی لازمی ہےاور اسی میں ہماری بھلائی ہے۔آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سیرت کے تمام اسباق سےہمیں بھر پور فائدہ حاصل ہوتا ہے۔مثلاً آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نےانسانی صحت کے لئے بہترین اصول بتائےہیں جیسا کہ اللہ کے رسول صل اللہ علیہ والہ وسلم نےفرمایا کہ اللہ رب العزت نے بیماری اوردوا دونوں چیزیں اتاری ہیں اور ہر بیماری کے لیے دوا بنائی ہے پھر اگر تم (اگر بیمار ہو جاو تو) دوا کیا کرو اورحرام چیز سے دوا نہ کیا کرو(ابو دائود))
اسی طرح حضرت علی رضی اللہ تعالٰی عنہ نےفرمایاکہ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نےفرمایااےعلی یہ (کھجور) نہ کھاؤ کہ تم کمزور ہو پھر میں نےچقندراورجو تیار کیاحضوراکرم نےفرمایااےعلی اس میں سےکھالو یہ تمہارےموافق ہے(ترمذی ،ابن ماجہ))
موجدہ طب کی روشنی میں جدید ریسرچ سےچقندر اور جوکی افادیت ہم سب کو معلوم ہےکہ یہ دونوں چیزیں ہیمو گلوبین کے لیے اورجسم کی قوت اور طاقت کو بڑھانے کے لئے اہم قدرتی اجزاء ہیں۔اسی طرح آپ نے بھوکے رہنے کو پسند نہیں فرمایا اور مومن کا قوی ہونا پسند فرمایا ہے۔ مسلم شریف کی حدیث مبارکہ ہے کہ آپ نے فرمایا کہ مومن قوی (قوت والا) مومن ضعیف (کمزور)سے بہتر اورخدا کو زیادہ پیارا ہےاور ان سب میں خوبی ہے۔
آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نےاپنی ذات اور نفس کو بےجاتکلیف اور پریشانی سےبچنےکی تاکید فرمائی ہے۔ترمذی شریف کی حدیث مبارکہ ہےکہ آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا کہ نہیں لائق مومن کوکہ اپنے نفس کو ذلیل کرے،صحابہ کرام نے عرض کیا اے اللہ کے رسول ص مومن اپنے نفس کو کیوں کر ذلیل کرتاہے؟؟ آپ نے فرمایا جس بلا کو سہار نہ سکے اس کا مقابلہ کرے۔ یعنی جان بوجھ کر اپنی ذات کو مشکل میں نہ ڈالے جو اپنی طاقت میں نہ ہواس مشکل سے اپنی ذات کو بچائے، سبحان الله
اس مختصر جائزے سےاندازہ لگائیں کہ اللہ کے نبی کریم کو جو رحمت العالمين کے درجے پر فائز کیا گیا ہے وہ کیوں؟؟
یہ رحمت العالمين کی اپنی امت سےایک چھوٹی سی محبت کی تصویر ہے۔آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم توسراپا رحمت تھے، آپ ہر مسلمان کی بھلائی کے خواہاں تھےاور آخرت میں آپ کی رحمت کی تجلی امت مسلمہ کو شفاعت سے بہرہ مند کرے گی ۔ ان شاءاللہ




































