
افروزعنایت
شکیلہ !-- نادیہ تمہاری طبیعت ٹھیک نہیں تم کچن میں کام کر رہی ہو بہوکوکہو وہ کھانا بنائے گی، اب تو اس کی شادی کو ایک مہینہ ہو گیا ہے، اسے اتنا بھی سر پر نہ
چڑھائیں۔
نادیہ کو اپنی بہن کی بات بہت بری لگی لیکن اس نےتحمل سےکام لیتے ہوئےصرف اتنا کہا کہ ابھی اسے یہاں آئےایک مہینہ ہی ہوا ہے۔آہستہ آہستہ سب سنبھال لے گی، اچھی سمجھدار بچی ہے۔
نادیہ نے نوٹ کیا کہ دوتین مرتبہ اس کی بہن شکیلہ نے اس کی بہو کی اسی طرح برائی کی ہے۔ اسے بہن کی یہ دخل اندازی پسند نہیں آئی ۔ اس نے سوچا کہ کسی مثبت طریقے سے اپنی بہن کو اس حرکت سے روکے گی ۔
نادیہ !---( اپنی بہن اور کزن کی طرف دیکھتے ہوئے) مجھے راشدہ خالہ کے گھر کا ماحول بڑا پسند آتا ہے۔ وہ اپنی بہوؤں اور اپنے رشتے کے درمیاں اپنی بیٹیوں کو بھی دخل اندازی کرنے نہیں دیتی ۔ اسی لیے ان کے گھر کا ماحول پرسکون ہے۔
شکیلہ گھر آئی تو اسے اپنی بہن کا کہا ہوا یہ جملہ یاد آگیا ،بہن نےاگرچہ براہ راست اسےمخاطب کرکے نہیں کہا تھا لیکن شاید اسی کےلئےکہا تھا،اسے برا تو لگا لیکن آئندہ کے لئے وہ اس بارے میں احتیاط برتنے لگی ۔
مجھے جب مذکورہ بالا واقعے کا پتا چلا تو میں نےسوچا یقیناً نادیہ ایک سمجھدارعورت ہےکیونکہ اکثر دیکھا گیا ہے کہ قریبی رشتے داروں کی دخل اندازی کی وجہ سے خاندانوں میں اختلافات پیدا ہوتے ہیں جس سے سنگین نتائج بھی سامنے آتے ہیں ۔ ضروری نہیں کہ وہ آپ کا برا چاہتے ہوں لیکن اکثر آپ سے محبت اور ہمدردی جتانے کے لئے ایسا کرتے ہیں لیکن اگر سامنے والا ان کی باتوں پر عمل کرنے لگے تو رشتوں میں فاصلے پیدا ہوجاتے ہیں گھر کا ماحول خراب ہوسکتا ہے۔اسی لئے ایسے لوگوں کے مشوروں اور ہمدردی سے بچنا ضروری ہے ۔
مذکورہ ذیل واقعہ سے ہم بخوبی اسکا اندازہ لگا سکتے ہیں کہ اپنوں کی دخل اندازی سے ایک گھر ٹوٹ کر کیسے بکھر گیا _
شبنم !-- طیبہ تم کسی سے کم ہو جو اپنے شوہر کی اتنی باتیں سنتی ہو ۔ اچھی شکل صورت ہے ۔ کمارہی ہو۔سگھڑہو بجائے تمہاری قدر کرنے کے تمہارا شوہر ہر وقت تم پر غصہ کرتا رہتا ہے۔
طیبہ !--تو میں کیا کروں اس کی تو شروع سے ہی عادت ہے۔ زرا زرا سی بات پر اسی طرح چلاتاہے۔
شبنم !-- معاف کرنا ،تم ہماری سنتی ہی کب ہو میں نے تو پہلے بھی تمہیں کتنی مرتبہ کہا ہےکہ زرا ہوش میں آجاؤ اس میں سراسر تمہاری غلطی ہے ۔ زرا تم بھی نخرے دکھاؤ ،خود ہی سدھر جائے گا۔ یوں کرو سہیل لاہور گیا ہے تم دوتین دن میرے گھر چلو ۔
طیبہ !-- لیکن جمیل مجھے نہ دیکھ کر پریشان ہو جائے گا۔ویسے بھی جمیل باہر کا کھانا نہیں کھاتا اس کے سارے کام۔۔۔
شبنم !-- اف خدایا تمہاری ان ہی باتوں نے اسے سر پر چڑھا دیا ہے،چلو اٹھو ۔۔۔میں نے امی سے بھی کہا ہے اس کو بھی لیتے جائیں گے،خوب مزا آئے گا ۔
طیبہ !- اچھا میں جمیل کو فون کرکے بتا تو دوں۔
شبنم!- پھر وہی بات، تمہاری ان ہی باتوں کی وجہ سے تمہارایہ حال ہوا ہے۔گھر کی چابی ہےاس کے پاس ،آئے گا تو خود ہی تمہیں فون کرے گا بلکہ گھر میں تمہیں نہ دیکھ اسے تمہاری کمی محسوس ہوگی تو قدر بھی کرنے لگے گا اسے اپنی اہمیت کااحساس دلاؤ۔
شبنم کی کوشش کامیاب گئی ۔ اب طیبہ اکثر بہن کے ساتھ کہیں گھومنے پھرنے چلی جاتی یا چھٹی والے دن بہن یا ماں کے گھر رہنے چلی جاتی ۔کبھی رات کا کھانا نہیں بناتی کہ میں تھک گئی تھی یا آج باہر سے کھانا منگوالیتے ہیں۔
جمیل دفتر سےواپس آتا تواکثر طیبہ کو گھر میں نہ دیکھ کر جھنجھلا جاتا، اسےسمجھانے کی کوشش کرتا کہ تم آج کل نہ بچے پر نہ ہی گھر کی طرف دھیان دے رہی ہو۔تمہیں کیا ہوگیا ہے اور اب تو مجھے بھی اکثر ہوٹل کا کھانا کھانا پڑتا ہے جس سے میری طبیعت بھی خراب رہنے لگی ہے لیکن اسے کسی بات کا اثر ہی نہیں ہوتا بلکہ شوہر سے بدکلامی کرنے لگتی ہے ۔ گھر میں بدنظمی اور اب تو ان تلخ رویوں کا اثر بچے پر بھی پڑ رہا تھا ۔آخر روز روز کے لڑائی جھگڑوں کی وجہ سے ایک دن غصے میں آکر جمیل نے بیوی کو طلاق دے دی ۔اس ساری صورتحال سےدونوں ہاتھ ملتے رہ گئے اس طرح ایک گھر ٹوٹ کر بکھر گیا۔
یہ صرف اس نوعیت کا کوئی ایک واقعہ نہیں ، اگر غور کریں تو ہمارے آس پاس اس قسم کےواقعات اکثر دوسروں کی دخل اندازی کی وجہ سےہی پیش آتے ہیں۔ لہذا دوسروں سے ہمدردی کریں ،کوئی مفید مشورہ بھی موقع کی مناسبت سے گوش گزار کریں لیکن کسی کے نجی زندگی کے بارے میں دخل اندازی سے پرہیز کریں اور دوسری طرف اپنے معاملات میں سامنے والے کو بھی دخل اندازی کی اجازت نہ دیں نہ ہی انکی غیر ضروری مشوروں پر عمل کریں ۔




































