
افروزعنایت
آج ہمارامعاشرہ بہت سی برائیوں میں ملوث ہوتا جارہا ہے ایسی برائیاں جو دین اسلام کےخلاف ہیں ۔ تشویش ناک بات یہ ہے کہ ہماری نئی نسل ان برائیوں
کو برائی نہیں بلکہ فیشن سمجھتی ہے۔مثلاً ویلنٹائن ڈے کوہی دیکھیں مغرب سےآیا یہ فتنہ کس قدر نئی نسل کو اپنی گرفت میں لیتا جارہا ہے کہ اب کھلے عام 14 فروری کا دن منایا جارہا ہے جو تعلیمی اداروں کے تقدس کو بھی پامال کر رہا ہے ۔
کھلے عام اور بڑی بے حیائی سے لڑکے لڑکیاں ایک دوسرے سےبغل گیر ہوکرمحبت کا اظہار کرتے ہیں اور تحفے تحائف دیتے ہیں، افسوس کا مقام ہے کہ مغرب کے اس بے حیائی کے لگائے پودے کی ہماری نوجوان نسل بڑے فخر سے آبیاری کر رہی ہے اور اس دن کو والدین اور اساتذہ کے سامنے مناتے نظر آتے ہیں۔اپنے دین سے دور ہوتے جارہے ہیں اور ڈھٹائی سےیہ کہتے ہیں کہ دوستوں سےمحبت کرنا گناہ نہیں۔ استغفراللہ
دین اسلام کی تعلیمات کےمطابق ہر نامحرم مرد سے ہاتھ ملانا تک جائز نہیں، نا غیر عورت کی طرف آنکھ اٹھا کر دیکھنا جائز ہے،غلطی سے سامنے نامحرم عورت پر نظر بھی پڑ جائے تو نگاہیں نیچی کرنے کا حکم ہےتاکہ فتنہ ،بےحیائی اور زنا سے بچا جاسکے ۔
اللہ رب العزت نے قران پاک میں کئی جگہ اس بےحیائی سے بچنےکا حکم فرمایا ہے۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ تم زنا کے قریب بھی نہ جاؤکیونکہ یہ بےحیائی اور برائی کاراستہ ہے۔اسی طرح سورہ النور میں ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ مومن مردوں سے کہہ دوکہ اپنی نظریں بچا کر رکھیں اور اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کریں۔
اسی طرح خواتیں کو بھی ہدایت فرمائی گئی ہے کہ* مومن عورتوں سے کہو کہ وہ اپنی نگاہیں نیچی رکھیں اور اپنی عصمت میں فرق نہ آنے دیں (سورہ النور )ایسی بے حیائی کرنے والے لوگوں کے لئے دنیا اور اخرت کا عذاب ہے۔ارشاد الہی ہے کہ جو لوگ ایمان والوں میں بےحیائی پھیلانا چاہتے ہیں ان کے لئے دنیا اور آخرت میں دردناک عذاب ہے (سورہ النور )
ان ارشادات ربانی سے مکمل وضاحت ہورہی ہے کہ یہ بے حیائی کا فتنہ کس قدر بندوں کے لئےنقصان دہ ہےجوان کی دنیا اورآخرت دونوں کو برباد کرسکتا ہے۔اس لئے اس سے بچنا لازمی ہے۔تعلیمات اسلامی کےمطابق محبت کا اظہار صرف نکاح کے بعد زوجین ایک دوسرے سےکر سکتے ہیں یا ماں باپ اولاد سے ،بہن بھائی آپس میں پاکیزہ محبت کا اظہار کرسکتے ہیں اور یہی مقدس رشتے محبت کے اظہار کے لئے ایک دوسرے کو تحفے تحائف بھی دے سکتے ہیں۔
اس سلسلے میں والدین اور اساتذہ کرام کو نئی نسل کو اس بے حیائی سےبچانے کی کوشش کرنی چاہیےتاکہ اسلامی معاشرہ اس فتنے سے پاک رہ سکے اورحکومتی سطح پر اس سلسلے میں اقدامات بے حد ضروری ہیں ۔




































