
افروزعنایت
اپنی خوشی نصیبی پر بڑارشک ہوا جب قرآن پاک کی سورہ النساء میں خواتین کے حقوق کےاو تحفظ کے بارے میں احکام الہٰی پڑھنے کا موقع ملا۔ سبحان
اللہ۔ اللہ رب العزت نے اسلام کے دائرے میں عورت جومقام اورتحفظ عطا فرمایا وہ کسی دوسرے مذہب اورمعاشرے میں نظر نہیں آتا، گویا لونڈی کو گھر کی ملکہ بنایا۔ اسے نکاح کی شرعی دامن میں لپیٹ کر تمام حقوق سے نوازا گیا۔ حق مہر اور حق وراثت اور اس کے ہر روپ و رشتے کومعتبر بنادیا گیا ہے ۔
جبکہ زمانہ جاہلیت میں عورت کو کوئی عزت و احترام حاصل نہ تھا، نہ اسےکسی قسم کے حقوق حاصل تھے۔ساڑھے چودہ سوسال پہلےرب العزت نے ہمارے نبی کریم صل اللہ علیہ والہ و سلم کو مبعوث فرما کر جہالت کی تمام رسموں اور طریقوں کو ختم کر دیا۔ وہ عورت جو سسک سسک کر جی رہی تھی، اسے ہر رشتے کے لحاظ سے تحفظ فراہم کیا گیا۔
آج کی مسلمان عورت بڑی خوش نصيب ہےکہ اسےاسلام نے ایک خاص مقام عطا فرمایا ہے جس کا شدید احساس مجھے مکہ مکرمہ میں مقام شب کیبہ کو دیکھ کر ہوا جہاں زمانہ جاہلیت میں بیٹیوں کو زندہ درگور کردیا جاتا تھا کیونکہ بیٹی کی پیدائش کو یہ اپنے لئے ذلت اور بے عزتی سمجھتے تھے ۔اسی طرح ایک بیوہ اور مطلقہ عورت کے ساتھ تمام رشتہ دار نہ صرف ذلت کا برتاؤ کرتے بلکہ اس کے شوہر کے ورثے اور اس کے حق مہر سے بھی محروم کر دیا جاتا تھا ۔
الحمد لله آج ہمیں اسلامی معاشرے میں مکمل تحفظ حاصل ہے۔بیٹی ہےتووہ گھرکی رونق رحمت ہے،اس کی پرورش پر بھی باپ کے لئے اجر ثواب دیا گیا ہے، بہن ہے تو بھائی کی عزت و غیرت ہے ۔ماں کا درجہ سب سے افضل ہے اور بیوی کو گھر کی ملکہ کا تاج پہنایا گیا ہے،یہی نہیں بلکہ نامحرم اور غیر عورت کی طرف بھی نگاہ اٹھا کر دیکھنے سے روکا گیا ہے، سبحان اللہ
کتنی خوش نصیب ہیں ہم خواتین جنہیں دائرہ اسلام میں داخل ہونے کی وجہ سے اتنا بلند مقام عطا فرمایا گیا ہے۔اس مقام کو شرم حیا کی چادر نے مزید نکھار کے کندن بنایا ہے۔ شکر الحمد




































