
افروزعنایت
ناصر!--(غصہ سے) کوئی چیز اپنی جگہ پر نہیں ہوتی ،یوں مجھے کیا دیکھ رہی ہو،مجھےآفس کی دیر ہورہی ہےاورابھی تک ناشتہ نہیں تیار
ہوا ۔
بشری !—آپ کاناشتہ کب سےتیارہےآپ آجائیں۔ بچوں کےاسکول کی وین آنےوالی ہے۔ میں انہیں گیٹ پرچھوڑنے جارہی ہوں۔ دونوں بچے سہمے ہوئے باپ کو دیکھ رہے تھے ۔
ناصر صاحب کا یہ روز کا معمول تھاآفس جانےسےپہلےشورمچاتےاورآنےکےبعد بھی یہی حال ہوتا۔نہ صرف گھروالوں کے ساتھ ان کا رویہ یہی تھا بلکہ اکثر ملنے جلنے والوں کےساتھ معمولی معمولی بات پر اسی طرح غصے میں بدکلامی کرتے رہتے تھے۔اس لئے اب تو لوگ ان سے بات کرنے سے بھی کترانے لگے تھے۔ کسی مجلس میں شامل ہوتےتو لوگ رسمی طور پران سےسلام دعا کرتے۔ورنہ ان کی کسی بات کا جواب دینے سے بھی کتراتے تھے ۔
ریحانہ!-- منیبہ آپ کی بھتیجی ہے۔مجھے بھی بہت پسند ہے لیکن آپ کے بھائی صاحب ان کی بد زبانی توبہ۔۔ان کی وجہ سے آگے بھی ہمیں پریشانی ہوسکتی ہے، اگر سمدھی بن کر بھی ان کا رویہ اور تلخ زبانی یہ رہی تو ؟؟؟
سہیل !-- بھائی جان دل کے برے نہیں بس ان کی عادت شروع سے ایسی ہے، وہ ہر بات پہ غصےمیں آجاتے ہیں۔
اس طرح ناصر کی اس بد زبانی کی عادت کی وجہ سےان کی منیبہ جوایک پڑھی لکھی خوبصورت اور بہترین اوصاف کی مالک لڑکی تھی۔ رشتہ دار اسے بہو بنانے سے کترا رہے تھے،آخر بڑی مشکل سے اس بچی کا رشتہ غیروں میں ہوگیا جس پر خصوصا ً ماں نے شکر ادا کیا ۔
عموما ًدیکھا گیا ہے کہ کچھ لوگ معمولی معمولی بات پر زور سے اورچیخ چلا کرسامنے والے سے بولتے ہیں۔ سامنے والا اپنی عزت کی وجہ سے ایسے بد اخلاق اور بد کلام کو پلٹ کر جواب دینے سے بھی کتراتے ہیں جس پر بدگو خوش ہوتا ہے کہ دیکھا اس کا قصور تھا اسی لئے دم دبا کر بھاگ گیا جبکہ وہ بیچارہ تو اپنی عزت بچا کر بھاگا تھا -
اللہ رب العزت بھی ایسے بد زبان اور بد کلامی کرنے والے کو پسند نہیں کرتا۔
آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا کہ عائشہ بدترین شخص وہ ہے جسےاس کی بد کلامی کی وجہ سےلوگ ملنا چھوڑ دیں(صحیح بخاری )
بیشک ایسے بدگو لوگوں کی صحبت سے لوگ دور بھاگتے ہیں جبکہ دیکھا گیا ہے کہ با اخلاق لوگ جو دوسروں کے ساتھ عزت سے اور خوش اخلاقی سے گفتگو کرتے ہیں۔ ان کی سامنے والے بھی عزت کرتے ہیں یعنی دوسروں کو عزت دینا دراصل اپنے آپ کو عزت دینا ہے ،اس لئے ہمیں چاہیے کہ ہم لوگوں کے ساتھ اچھا بولیں اور اپنی زبان کو بدکلامی سے روکیں ۔اسی میں ہماری اپنی عزت بھی ہے ۔




































