
افروز عنایت
یوم خواتین مظلوم خواتین کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے کے لیے چنا گیا ہےجبکہ میرےدین اسلام نے تو آج سے ساڑھے چودہ سو سال پہلے خواتین کے
حقوق و فرائض کو متعین کردیا تھا ، طلوع اسلام سے پہلے عورت کی حیثیت ایک باندھی سے بھی گئی گزری تھی ۔دین اسلام نے نہ صرف اس کو حقوق سے نوازا بلکہ عزت وتکریم سے بھی نوازا جس کی مثال کسی مذہب میں نظر نہیں آتی ۔
اسلامی تعلیمات کی حدود میں ان ہی حقوق وفرائض کی لڑی میں پروئی ہوئی یہ خاتون اپنی اورپورے خاندان کی بقاءاور استحکام کی ضامن ہے ۔ماشاءاللہ مسلمان عورت کا جب تصور ذہن میں آتا ہے۔
تو ایک شرم حیا کےپیراہے میں معتبر ہستی کا تصورآتاہےجواپنےپورے خاندان کےلیےباعث فخرہے۔آپ یقین کریں کہ اسلامی تعلیمات کی پیروی کرنے والی خاتون چاہے گھر کی چاردیواری کے اندر ہو یا باہر، کسی محکمے میں یا کسی ادارے میں ملازمت کرنے والی ہو وہ دوسروں کے لیے بڑی محترم ہوجاتی ہے۔ اس ادارے میں کام کرنے والے اسے عزت دیتے ہیں۔ ایسی ہی اسلامی دائرے میں رہنے والی خاتون کبھی بھی اپنے فرائض سے غافل نہیں رہتی ۔وہ شوہر اور اولاد کے حقوق کی پاسداری میں پیچھےنہیں رہتی۔ وہ اسلامی خطوط کے مطابق اولاد کی تربیت کرتی ہے پھر یقیناً میرے اللہ نے ایسی ہی عورت کو حقوق سے سرفراز فرمایا ہے اور حقوق بھی ایسے جو اسے معاشرے میں مکمل تحفظ فراہم کرتے ہیں۔ اس کے گرد چار مضبوط سائبان اس کے تحفظ و تکریم کو ترجیح دیتے ہیں۔ باپ؛ بھائی،شوہر اور بیٹا ، لہٰذا مسلمان عورت بھی اپنے فرائض میں ان چاروں رشتوں کے تقدس کو پامال نہیں ہونے دیتی۔ وہ اپنا فرض سمجھتی ہے کہ ان رشتوں کو مایوس نہ کرے۔ پھر میرا الله کیسے ایسی عورت کو اس کے حقوق سے محروم رکھےگا۔ مذکورہ بالا رشتوں کو اس کی مکمل عزت پیار تحفظ احترام کی تاکید فرمائی گئی ہے۔سب سےبڑا درجہ اسے ماں کی حیثیت سے نوازا گیا، اس کے پیروں تلے جنت رکھ دی گئی ۔کیا شاندار مقام عطا کیا گیا ہے۔ اسلام نے ماں کو، سبحان اللہ، پھر باپ کے لیے بیٹی کی تعلیم وتربیت کرنے پر اسےجنت کی بشارت دی گئی۔ بحیثیت بیٹی اور بہن اسے عزت و تحفط دینے کے علاوہ اسے وراثت میں حصے سے نوازا گیا ۔ بحیثیت بیوی اس کے حقوق قرآن وحدیث سے واضح ہیں۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میں تمہیں عورتوں کے بارے میں اچھے برتاؤ کی نصیحت کرتا ہوں ۔تم اسے قبول کرو کیونکہ عورت ٹیڑھی پسلی سے پیدا ہوئی ہے ،اگر تم اسے سیدھا کرنا چاہو گےتو اسے توڑ دو گےاوراس کا توڑنا طلاق ہےاور اگر اس کو اس کے حال پر چھوڑ دوگے تو ٹیڑھی رہے گی ۔اس لئے اس کے حق میں اچھے سلوک کی نصیحت قبول کرو(بخاری مسلم)۔آسی طرح آپ نے ایک جگہ فرمایا تم میں بہتر وہ ہے جو اپنی بیویوں کے ساتھ اچھی طرح پیش آئے (مشکوٰۃ شریف)
اسلام نے تو غیر اجنبی عورت کے لیےبھی احتیاط برتنے کی تلقین فرمائی ہے اور اسےعزت دینےکی نصیحت فرمائی ہےاورمردوں کوغیر عورت پر نظر ڈالنے سے بھی روکا گیا ہے۔مختصر یہ کہ دین اسلام واحدمذہب ہے جس نے عورت کو مکمل حقوق سے نوازاہے
جس کی بدولت اسے اسلامی معاشرے میں تحفظ بھی حاصل ہےاوراسے اپنے گھرکی ملکہ ہونے کا اعزازبھی بخشا گیاہے۔اگر یہ وطن عزیزصحیح معنوں میں اسلامی ریاست بن جائے تو یقیناً عورت کو بھی وہی حقوق مل جائیں گے جن سے دین اسلام نے اسے نوازاہے۔آج اسلامی تعلیمات اور احکام کو پس پشت ڈالنے اور فراموش کرنے کی وجہ سے عورت مصائب کا شکار ہے۔اس حقیقت کو ہمیں تسلیم کرنا چاہیے۔




































