
افروزعنایت
کسی بھی چیز کی اہمیت اور عظمت تو اسی بات سے ہی واضح ہے جس کی قسم میرے رب العالمین نے کھائی ہو ۔جی ہاں سورہ "قلم "کی پہلی آیت میں اللہ
تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ "قسم ہے قلم کی اور جو اس سے لکھا جاتاہے" یہ آیت ربانی قلم کی حرمت کی دلیل ہے اور اس کے حق کوبھی واضح کرتی ہے کہ جو اس سے لکھا جائے جس کے ہاتھ میں اللہ نے قلم تھمایا ہے، اب وہ اس قلم کا آمین ہے۔ اللہ نے انسان کو اشرف المخلوقات کا درجہ دے کر اس کے ہاتھ میں قلم بھی تھما دیا ہے ۔ازل سے لے کر آج تک کلام الٰہی،تمام احکام الٰہی اور احادیث نبوی اسی قلم کی بدولت بندوں تک صحیح حالت پہنچے ہیں ـ
قلم ایک طاقت ورہتھیار ہے اور امانت بھی ،اس کا صحیح حق ادا کرنا ہی امانت ہے ،یعنی قلم کار اس سے شر نہیں بلکہ بھلائی کی راہیں ہموار کرے ،چاہے عام لکھاری ہو، صحافی ہو ،یا قلم سے کسی طرح سے بھی اس کا تعلق ہو ۔ اس پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ اس قلم کا صحیح حق ایمانداری سے اداکرے کہ اس کی حرمت پر کسی قسم کی ضرب نہ آئے ۔بیشک یہ قلم ہی تو ہے جس کے ذریعے ایماندار لکھاری پڑھنے والوں کے ذہنوں کو نکھار کر کندن بنا سکتا ہے اور خائن اس کے ذریعے بدی اور فحاشی ،جھوٹ پھیلانے کا مرتکب ہوسکتا ہے بلکہ یہ قلم اپنے لکھاری کی شخصیت کی بھرپور طریقے سے عکاسی کرتا ہے جس طرح آپ کی زبان سے نکلے دو بول آپ کی شخصیت کا آئینہ بن سکتے ہیں ،اسی طرح یہ قلم جب قرطاس پر آپ کے ذہن سے نکلے الفاظ کو بکھیر کر تحریر کو تخلیق کرتا ہے تو گویا آپ کی تمام صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ آپ کی شخصیت کو سب کے سامنے پیش کرتا ہے ـــ
لہٰذا اس قلم کی حرمت کو مد نظر رکھ کر اسے جنبش دینا ہر لکھاری کا فرض ہے،افسوس بے حد افسوس کہ آج اس قلم اور قرطاس کے ذریعے جدت کے رنگ بکھیرنے کے لیے لکھاریوں کی کثیر تعداد قلم کا حق ادا کرنے سے قاصر ہے ، یہاں صرف اس سلسلے میں ایک مثال پیش کروں گی کہ درسی کتب میں بھی اسلامی تعلیمات کو توڑ مروڑ کے بیان کیا جانے لگا ہے ۔کیا یہ ضمیر فروشی نہیں ؟؟؟؟؟ ۔ان سطور کے ذریعے مجھ ناقص العلم کی التجا ہے کہ یہ سب اس قلم کی بے حرمتی ہے اور خیانت ہے ،اس لئے قلم کار کو ہر صورت ایمانداری سے قلم کا حق ادا چاہیے جس کے لئے آپ کو اللہ رب العزت کے حضور جواب دہ ہونا ہے۔




































