
افروزعنایت
اس وقت پاکستان کی حیثیت اورقوت سےیہود ونصاریٰ اورکفارخائف ہیں،جی ہاں پاکستان کو میرےاللہ نےاس عزت و توقیراوراعزاز سے نوازا ہےکہ
پاکستان عالم اسلام کا پہلااور دنیا کا ساتواں ملک ہےجوآج ایٹمی قوت ہے ۔
اٹھائیس مئی انیس سو اٹھانوے کاوہ تاریخیدن جب محب وطن سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان اوران کے ساتھیوں کی مسلسل چھ سات سال کی انتھک کوششوں سےپاکستان ایٹم بم بنانے میں کامیاب ہوا ـــ ماشاءاللہ
یہ وہ اعزاز و طاقت ہےجس کی بدولت ایک طرف توپاکستان کاوقاربلند ہوادوسری طرف پاکستان دشمنوں کی آنکھوں میں کھٹکنے لگا ہے کیونکہ آج پاکستان جغرافیائی حدود کے تحفظ کی پوری طاقت وصلاحیت رکھتا ہے۔ سلام اس محب وطن قوم کے فرزند ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور ان کے ساتھیوں کو جن کی دن رات کی انتھک محنت رنگ لائی اوردنیا حیران رہ گئی کہ اس چھوٹے سےاسلامی ملک نےاس قدر جلدی میدان مار لیا۔ بیشک رب العالمین کی مدد ان کے ساتھ تھی۔ اس قوت کو حاصل کرنےکے بعد دنیا پر واضح ہوگیا کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنا بھی ممکن نہیں ،نہ ہی وطن عزیز کے ساتھ مقابلہ کرنا آسان ہے ،خصوصاً بھارت جو آزادی کے بعدسے پاکستان کا دیرینہ دشمن ہے۔ اب اسے یہ معلوم ہو چکا ہےکہ پاکستان سے چھیڑ چھاڑ کرنا اپنے پیر پر کلہاڑا مارنے کے مترادف ہوگا ۔اسی لئے وہ کسی انتہائی قدم اٹھانےسےبازرہے۔
ہماری افواج اورہماری یہ ایٹمی طاقت ہمارےوطن عزیز کے لیےایک اعزازہے،بیشک یہ ایٹمی قوت اس اسلامی قلعے کا تحفظ ووقارہیں۔سلام اس ارض وطن کو اس کے ان محب وطن جیالوں کو جس کی وجہ سے یہ ارض وطن مانند گلستان ہے جس کی مہک سے پورا عالم اسلام مہک رہا ہے اور سدا مہکتا رہے گا۔ ان شاءاللہ
اس بات کا ثبوت ہمیں اورتمام دنیا کو سات مئی کے واقعےسےنظرآگیا ہےکہ پاکستان نےبھارت کے بزدلانہ حملےکا کس طرح منہ توڑجواب دیااوراس کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر ڈٹ گئے اور خوب ضربیں لگائیں کہ وہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔اس ایٹمی طاقت کی جو دوسری خوبی اور طاقت اس وقت نظر آئی وہ ہے پورے پاکستان کی عوام اور فوج کا ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوکرڈٹ جانا جس کی بھارت کو امید نہ تھی ایٹمی طاقت پاکستان کی اس یکجہتی اور اتحاد سے بھارت کے چھکے چھوٹ گئے ہیں ۔
لہذا آج کی سب سےاہم ضرورت اس ایٹمی طاقت کےپاسبانوں کےلیےآپس میں یکجہتی ومحبت قائم رکھناکی ہےجس کی وجہ سےاس ایٹمی توانائی سے آراستہ ملک کو ترقی اور استحکام حاصل ہوسکتاہے۔ اٹھائیس مئی وہ مبارک دن تھا جب پاکستان کو ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل ہوا، لہذٰا پوری قوم اس دن وطن عزیز کی سلامتی اوراستحکام کےلئے دل وجان سےعہد کرے کہ ہم سب ایک ہیں ایک ہی رہیں گےا ور اس رب کی طرف سے عطا کردہ ایٹمی طاقت سے دشمنان اسلام کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح ہمیشہ ڈٹے رہیں گےاوراس وطن عزیز کےجیالے ڈاکٹر عبد القدیر خان کے لئے بھی ہم سب دعاگو ہیں جس نے وطن کو اس اعزاز سے سرفراز کیا ــ




































