
افروزعنایت
الحمدللہ ذیقعد کا مبارک مہینہ شروع ہوچکا ہےاورحج کی سعادت حاصل کرنے والےحجاج کرام کے قافلوں کا مکے اورمدینے روانگی کاسلسلہ بھی
شروع ہو چکا ہے۔ اس سفر حج کیلئے روانگی سے قبل حجاج کرام کو تربیتی کلاس میں شرکت کرنی پڑتی ہے،اس تربیتی کلاس میں حجاج کرام کو سفر حج اور مناسک حج کے بارے میں معلومات اور ہدایات فراہم کی جاتی ہیں جس کی وجہ سے حجاج کرام کو مناسک کی ادائیگی میں دشواری پیش نہیں آتی لیکن معذرت کے ساتھ کہوں گی کہ حجاج کرام مناسک حج کی ہدایات پر تو عمل پیرا ہو جاتے ہیں ،کچھ وہاں باقی حجاج کرام سے بھی رہنمائی حاصل ہو جاتی ہے لیکن معذرت کے ساتھ کہوں گی کہ سفر کی دوسری ہدایات پرمکمل طور پر عمل نہیں کر پاتے جس سے نہ صرف خود انہیں بلکہ دوسروں کو بھی تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،جی ہاں اس چیز کا اندازہ وہ لوگ بخوبی کر سکتے ہیں جنہیں رب العزت نے حج کی سعادت نصیب فرمائی ۔
الحمدللہ 2010 میں مجھےبھی پہلےحج کی سعادت نصیب ہوئی ۔ روانگی سےقبل ہمیں تربیتی کلاس میں نہ صرف حج کےمناسک کے بارے میں مکمل آگہی فراہم کی گئی بلکہ دوسری تمام ہدایات بھی اوراحتیاط بھی بتائی گئی جن کا جاننا اور اس پر عمل کرنا حجاج کرام کے لئے ضروری بلکہ فائدہ مند بھی ہے لیکن جیسے کہ میں اوپر بیان کر چکی ہوں کہ حجاج کرام کی اکثریت ان ہدایات کوفراموش کردیتی ہے ،جب کہ یہ اس قسم کی احتیاط اور ہدایات ہیں جن سے اپنی ذات کو بھی فائدہ پہنچتا ہے ۔حرم پاک میں یا آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کےروضہ مبارک میں اکثرمیں نے دیکھا کہ رش میں لوگ ایک دوسرے کو دھکے مار کر آگے بڑھنے کی کوشش کرتے ہیں یا حجر اسود کو چھونے کے لئے صفوں کو چیر کر لوگوں کو دھکیل کر آگے بڑھتے ہیں ،جس کی وجہ سے خصوصاً بوڑھے اور کمزور لوگ ان کی زد میں آجاتے ہیں،بیشک حجر اسود کو بوسہ دینا یا چھونا بڑی سعادت ہے لیکن اگر آپ کو موقع باآسانی نصیب ہو ،یہ حالت ریاض الجنہ میں بھی دیکھی جاسکتی ہے،جیسے ہی خواتین کے لئے ریاض الجنہ کا دروازے کھلتا ہے ،خواتین بے قابو تمام اخلاق اور تمیز سے بری ہوکر دیوانہ وار بھاگتی ہیں جبکہ الحمدللہ سب کو حاضری کا موقع نصیب ہوتا ہے۔اس موقع پر خواتین منتظمین مسلسل نظم و ضبط رکھنے کی تاکید کرتی ہیں جبکہ اس بھاگ دوڑ اور دھکم پیل کی وجہ اکثر خواتین گر بھی جاتی ہیں ،میں نے دیکھا ہے کہ چاہے حج کا موقع ہو یا عام دن بھی ہوں بے پناہ رش کے باوجود رب العزت نہ صرف حاضری کی سعادت نصیب فرماتا ہے بلکہ کئی نوافل پڑھنے کی بھی سعادت نصیب ہو جاتی ہے ،سبحان اللہ
دین اسلام تو ہمیں ہر جگہ اور ہر موقع پر نظم و ضبط اخلاق کی تعلیم دیتا ہےتوان معتبراوراعلیٰ مقامات کی حرمت اورتقدس کا خیال رکھنا تو بےحد لازمی ہے ۔ایک اور احتیاط جو حجاج کرام کے لئے ضروری ہے کہ جس طرح دونوں حرم پاک میں نظم و ضبط کا مظاہرہ لازمی ہے ،اسی طرح جن حجاج کرام کا منی ،مزدلفہ اور عرفات جانے کے لئے بسوں کا انتظام ہو ،وہاں بھی نظم و ضبط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے ،بسوں میں سوار ہونے کے لئے عورتیں اور مرد ایک دوسرے کو دھکے دیکر اپنے لئے جگہ بناتے ہیں جس کی وجہ سے بدنظمی کے ساتھ کسی کو چوٹ لگنے کا اندیشہ بھی ہوتا ہے ،ہمارے گروپ کی ایک عمر رسیدہ خاتون کو ایک آدمی دھکا دے کر خود بس میں سوار ہوا جس کی وجہ سے وہ خاتون گر گئی اور شدید چوٹیں آئی کہ اس نے بڑی مشکل سے حج کے مناسک ادا کئے لیکن گرانے والے اس مرد کے چہرے پر کسی شرمندگی کے آثار نظر نہیں آ ئے ۔
ان سطور کے ذریعے مجھ ناقص علم کی ایک بات کا ضرورخیال رکھناچاہیےکہ حج کے مناسک کی ادائیگی کا سلسلہ شروع ہوتےہی جگہ جگہ مفت کھانے پینے کا انتظام کیا جاتا ہے ،اکثر لوگ مفت کھانا ملنے کی وجہ سے بسیار خوری کرتے ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف سست ہو جاتے ہیں بلکہ انہیں بار بار واش روم جانے کی ضرورت بھی پیش آتی ہے ،لہذا ان پانچ چھ دنوں میں بس ضرورت کے تحت کھائیں پئیں تاکہ چاک وچوبند رہ سکیں اور پوری دلجمعی سے حج کے مناسک اور فرائض کی ادائیگی کرسکیں ۔مذکورہ بالا احتیاط کرنا حجاج کرام کے لئے ضروری ہیں بلکہ آپ کے دوست احباب جو حج کے سفر پر روانہ ہورہے ہوں تو ان کے گوش گزار بھی کریں ،یہ بھی نیکی ہوگی ـ




































