
افروز عنایت
لڑکی بضد کہ میں ٹائٹ پاجامہ اورچھوٹی بغیرآستین کی قمیض بناؤں کیونکہ یونیورسٹی میں سب اسی قسم کے کپڑے پہنتی ہیں
ٹیلر کی دکان پر موجود ماں بیٹیاں دونوں عبایاپہنےہوئےتھیں،ماں بڑی بے بسی سےبیٹی کوسمجھانےکی کوشش کررہی تھی لیکن لڑکی بضد تھی آخر ماں کو ہار ماننی پڑی ۔یہی نہیں بلکہ ماں کے منع کرنے کے باوجود اس نے عبایا اتار کر ٹیلر کو ماپ لینے کو کہا اس وقت اس کی ماں کی آنکھوں میں بےبسی اور شرمندگی نمایاں تھی ـ
کہتے ہیں کہ ماں کی گود اولاد کے لئے پہلی درسگاہ ہے جبکہ یہ ماں تو اپنی بیٹی کےلئےمکمل درسگاہ ہی نظر نہیں آئی۔کہیں نہ کہیں کمی ضرور تھی -پہلی بات تو یہ کہ عموماً چھوٹی عمر میں بچوں کے لاڈ پیار میں غلط باتوں پر بھی گھر والے خوش ہوتے ہیں اور ہر ضد کو پورا کیا جاتا ہے پھر بڑے ہوکر بھی وہ بچے ہر معاملے میں اپنی مرضی کرتے ہیں . والدین کہتے ہیں کہ بچہ چھوٹا ہے خود ہی سیکھ جائے گا اور یہی بات نماز ،روزے کے بارے میں بھی کہتے ہیں ۔
پہلے مشترکہ خاندان ہونے کی وجہ سےبچوں کی تربیت میں گھر کے بزرگوں کا ہاتھ بھی شامل ہوتا تھاجبکہ آج کےاکثر بچے اس نعمت سے بھی محروم ہیں لیکن والدین کو اپنے بچوں کی تعلیمات اسلامی کے مطابق تربیت کرنا فرض ہے ۔کہتے ہیں کہ نیک اولاد والدین کےلئے صدقہ جاریہ ہوگی ۔ان شاءاللہ، جبکہ بد اولاد کا خمیازہ نہ صرف اس دنیا میں بلکہ آخرت میں بھی بھگتنا پڑے گا ـ
اس سلسلے میں حدیث مبارکہ ہےکہ "جب بچےسات سال کےہوجائیں توانہیں نماز کاحکم دواورجب وہ دس سال کےہو جائیں تو نمازنہ پڑھنےپرانہیں مارو-(سنن ابو داؤد)
والدین کا سب سےبڑا فرض اپنی آل وعیال کو دین اسلام کی تعلیمات سےجوڑے رکھنا ہے،انہیں بےلگام نہیں چھوڑنا کہ آخرت میں پچھتانا پڑے ۔ ارشاد ربانی ہے کہ اے ایمان والوں تم اپنے آپ کو اور اپنے گھر والوں کو اس آگ سےبچاؤ جس کا ایندھن انسان ہی ہے ۔
آج ہماری بد نصیبی یہ ہے کہ ہم اپنی اولاد کی دنیاوی کامیابی کے لیےاعلیٰ تعلیم کےلئےتوتگ ودومیں مصروف ہیں جس کے لئے والدین خود بھی دن رات محنت کر رہے ہیں لیکن ان کی اور اپنی آخرت کی کامیابی سے غافل ہیں۔
اولاد ہمارے لئےصدقہ جاریہ بھی ہوسکتی ہےلیکن اگر ہم ان سےغافل رہےتو آخرت میں یہی آگ کا ایندھن بھی ہوگی،اولاد کی بےراہ روی سےصرف اولاد کی پکڑ نہیں ہوگی بلکہ والدین کی بھی ہوگی۔لہٰذااللہ کی رضا کے مطابق اولاد کی تربیت کرنی چاہیے تاکہ وہ شعور کی منزل پر پہنچ کر ایمان کی تعلیمات سے مزین ہوچکے ہوں جس کی وجہ سے وہ اپنی اولاد کی تربیت بھی اسلامی خطوط پر کرنے کے اہل ہوں یہ اصل کامیابی ہے۔




































