
افروزعنایت
میڈیا پر لیبیا کے عامر نامی شخص کے بارے میں خبریں گردش کررہی ہیں جوسفرحج پرجارہا تھا لیکن اس کےنام کی وجہ سےسیکیورٹی کلیئرنس نہ ہو
پائی ، لہٰذا مذکورہ شخص کو جہاز میں سوار ہونےسےروک دیا گیا۔پروازکےکچھ ہی دیر بعد جہاز نےفنی خرابی کی وجہ سےدوبارہ زمین پرلینڈ کیا ،خرابی دور ہونے کے بعد جہاز دوبارہ پرواز کرنے لگا تو مذکورہ بالا شخص نے سوار ہونے کی درخواست کی لیکن اسے سوار نہیں ہونے دیا گیا ، اس مرتبہ بھی جہاز کو فنی خرابی کی وجہ سےتھوڑی دیر کےبعد زمین پر لینڈ کرنا پڑا،فنی خرابی دور ہونے کے بعد جہاز دوبارہ پرواز کرنے لگا ،اس شخص نے دوبارہ سواری کی اجازت چاہی لیکن اسے اجازت نہیں ملی ۔ابھی جہاز نےاڑان کی تھی کہ پھر فنی خرابی کی وجہ سے پائلٹ کو جہاز زمین پر لینڈ کرنا پڑا ،جب مرمت کے بعد دوبارہ جہاز اڑان کرنےوالا تھا عامر نامی اس شخص کو جسے اپنے رب پر کامل بھروسہ تھا لہٰذا اس نے اس مرتبہ بھی سوار ہونے کی اجازت چاہی ،پائلٹ اور جہاز کا عملہ بھی سمجھ چکے تھےکہ اس شخص کا سفر حج اللہ نے لکھ دیا ہے،اس کو لئے بغیر ہم جاہی نہیں سکتے اسی لئے جہاز میں بار بار خرابی پیدا ہو رہی ہے ،لہٰذا اسے سوار ہونے کی اجازت دی گئی ۔سبحان اللہ
بیشک یہ ایک حقیقت ہے کہ جس کےحصےمیں رب العزت اس درپرحاضری لکھ دے اسے کوئی نہیں روک سکتا،بہت سےلوگ میری نظروں سےگزرے ہیں جو مال ودولت صحت اور وسائل ہونے کے باوجود اس درپرکوشش کےباوجود حاضری سے محروم رہ گئے جبکہ اللہ رب العزت خالی جیب والوں کے لئے بھی وسیلے اور اسباب بناہی دیتا ہے جو وہاں پہنچ جاتے ہیں ۔
مجھے اپنے پہلے حج کے سفر کے دوران کا ایک خاتون کا واقعہ یاد آگیا،مذکورہ بالا خاتون نےبتایا کہ میرے شوہرایک مسجد میں صفائی ستھرائی کا کام کرتے ہیں ، ہم دونوں میاں بیوی کو حج پر جانے کی دلی تمنا اور آرزو تھی لیکن وسائل نہ ہونے کی وجہ یہ خواہش دل میں ہی رہ گئی تھی ،ہاں میرے شوہر اکثر اشکبار آنکھوں سے اپنے آس پاس کے لوگوں سے اس خواہش کا اظہار کرتے تھے ۔ہم دونوں ہر سال خصوصاً ذوالحج کے مہینے اللہ رب العزت سے سرگوشیوں میں اس خواہش کی تکمیل کے لئے گڑگڑا کر دعا مانگتے تھے۔
ایک دن میرے شوہربعد نمازفجر مسجد کی صفائی ستھرائی میں مصروف تھےکہ ایک شخص مسجد میں داخل ہواجواکثراس مسجدمیں نماز پڑھنے بھی آتا تھا،میرے شوہر سمجھےکہ شاید نفل نماز وغیرہ پڑھنے آئیں ہوں گے لیکن وہ سیدھے میرے شوہر کے پاس پہنچے اور میرے شوہر کا نام لیکر انہیں بلایا ،میرے شوہر حیران ہوگئے کہ یہ ایک صاحب حیثیت شخصیت کے مالک ہیں اورمجھ غریب کا نام کیسے جانتے ہیں ،خیر وہ صاحب میرے شوہر سے مخاطب ہوئے ،کیا تم حج پر جانا چاہتے ہو ؟؟میرے شوہر حیرانی سےانہیں دیکھنے لگے،وہ صاحب دوبارہ مخاطب ہوئے ،ہاں وہ شخص تم ہی ہو جس کے بارے میں مجھے بتایا گیا ہے (اس نے یہ نہیں بتایا کہ انہیں کس نےبتایا تھا) دیکھو میں اپنےماں باپ کے لئے کسی جوڑے کو حج بدل کروانا چاہتا ہوں کیا تم راضی ہو ۔میرے شوہر بے یقینی کی کیفیت میں حیرانی صرف آنسو بہاتے رہے۔
اس طرح ان مہربان شخص نےنہ صرف ہمارے حج کےلئےتمام انتظامات کروائے بلکہ زاد راہ کےلئےکثیررقم بھی حوالے کی
یہ کہہ کر وہ خاتون زاروقطار رونے لگی کہ نہ جانے اللہ رب العزت کو ہم گنہگاروں کی کونسی ادا بھا گئی کہ اس در کی حاضری کے لئے راہیں کھول دیں ۔
بیشک وہ اللہ ہی مسب الاسباب ہے جو ہر ناممکن کو ممکن بنا سکتا ہے اور اس در پر جسے چاہے بلا لیتا ہے یہ اسی کا کرم ہے ،سبحان اللہ




































