
افروز عنایت
ہم انبیاء کرام کی زندگی کے واقعات پرنظرڈالیں توہم دیکھیں گےکہ رب العالمین کی ان معتبرومعززہستیوں کو بہت سی آزمائشوں اورتکالیف کاسامنا
کرنا پڑا لیکن یہ مقدس ہستیاں اللہ رب العزت کی طرف سےآنےوالی ہرآزمائش سےجس صبر اور شکر کے ساتھ گزرے وہ کسی عام انسان کے بس کی بات نہیں۔
ان آزمائشوں میں امت مسلمہ کےلئےسبق اورنصیحت کاپیغام ہے۔ویسےتمام انبیاء کرام ان تکالیف سےگزرے لیکن جس آزمائش سےحضرت ابراہیم علیہ السلام کو گزرنا پڑا وہ کسی انسان کے بس کی بات نہیں۔چھوٹی سی عمر میں ہی اللہ رب العزت نے آگہی کےجودروازے کھولے تو آپ نے اپنےحقیقی رب کے تلاش شروع کر دی ۔ بت پرست گھر میں پلنےوالےابراہیم علیہ السلام نہ صرف اپنے گھر بلکہ جابر بادشاہ نمرود کے سامنے بھی ڈٹ گئے۔اللہ رب العزت کی وحدانیت کا اتنا پختہ یقین کہ نمرود کی طرف سےآگ میں زندہ جلائےجانےپربھی بےخوف وخطرتیارہوگئے،پھر میرے مولا کیسےاپنےخلیل کوجلنے دیتے ،وہ آگ اللہ کے حکم سےگلزاربن گئی۔
یہی نہیں بلکہ رب العالمین کی طرف سےدو مرتبہ انہیں اولاد کی طرف سےبھی بڑی آزمائش سےگزاراگیااوردونوں آزمائشوں پران کی زبان مبارک سے لبیک اللھم لبیک ہی کی صدا گونجی۔ پہلی مرتبہ اپنے خالق حقیقی کےحکم پر اپنے معصوم اورچہیتے بیٹےاسماعیل علیہ السلام اور اس کی والدہ محترمہ اماں ہاجرہ کو مکہ کی بے آب وگیاں وادی میں اللہ رب العزت کےسہارے تنہا چھوڑا ۔دوسری مرتبہ اسی بیٹے کو اللہ کے ایک حکم پر بےچون چراں قربانی کےلیےپیش کردیا۔ذرااپنے دل پر ہاتھ رکھ کر بتائیےکہ کیا کوئی اولاد کی یہ قربانی دے سکتا ہے؟؟ ناممکن ہے۔ہم تو اولاد کی معمولی تکلیف پر بھی پریشان اوردکھی ہو جاتےہیں لیکن آپ نے اللہ کے حکم پر لبیک کہا یہی تو ایمان اور بندگی کااعلیٰ مقام ہے کہ وہ اپنے رب کے حکم پر لبیک اللھم ، حاضر میرے رب،پھر کیوں نہ رب العزت اس قربانی کو اپنی بارگاہ میں قبول فرماتا اور قبول بھی ایساکیا کہ اس سنت کو تمام امت مسلمہ کے لئے فرض بنا دیا ۔رہتی دنیا تک سبحان اللہ اور آپ (حضرت ابراہیم علیہ السلام) کو تمام انبیاء کرام کا سربراہ اور جد امجد بنا کر آپ کا مقام و مرتبہ بلند کر دیا ۔ آج چاہے حج کا فریضہ ہو یاعیدالاضحیٰ پر قربانی کا فریضہ ان دونوں عبادات میں آپ اور آپ کے گھرانےکی سنتوں کوشامل کردیا گیا ہے۔ سبحان اللہ
بیشک کوئی بھی بندہ ان معتبراورمعززہستیوں کامقابلہ نہیں کرسکتا۔
یقیناً حضرت ابراہیم علیہ السلام کی زندگی ،ان کی قربانی امت مسلمہ کےلئےایک بہترین مثال اوردرسگاہ ہےجس پر عمل پیرا ہوکر ہی ہم بندگی کا پورا حق ادا کر سکتے ہیں ۔ان سنتوں کی ادائیگی میں اخلاص و تقویٰ لازمی شرط ہے،جیسا کہ قربانی جو سنت ابراہیم علیہ السلام ہے،ہر صاحب استطاعت پر فرض ہے ،سورہ الحج میں ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ ، اللہ تعالیٰ کو قربانیوں کے گوشت نہیں پہنچتے نہ ان کے خون بلکہ اسےتو تمہارے دل کی پرہیز گاری پہنچتی ہے ۔
حدیث مبارکہ ہےکہ جس شخص میں قربانی کرنےکی وسعت ہوپھربھی وہ قربانی نہ کرےتووہ ہماری عبادت گاہ میں نہ آئے(ابن ماجہ)
اس عید پر قربانی کا اصل مقصد صرف رب کی رضا حاصل کرنا ہے،اس قربانی میں نفسانی خواہشات کی قربانی بھی شامل ہےلیکن افسوس کہ آج ہم میں سے اکثریت ایسی ہے کہ جو اپنی نفسانی خواہشات کی بھی قربانی دینے سے قاصر ہے ۔
رب العزت ہمیں اطاعت اللہ اوراطاعت رسول اللہ کی مکمل پاسداری کرنےکی توفیق عطا فرمائے۔آمین ثم آمین یا رب العالمین




































