
افروز عنایت
میں کل کی ماؤں کا آج کی ماؤں سےموازنہ کرتی ہوں توبچوں کی پرورش میں بہت فرق نظرآتاہے،اگرچہ آج کی اکثر مائیں اعلیٰ تعلیم یافتہ بھی ہیں ۔
میری والدہ مرحومہ پڑھی لکھی نہیں تھیں لیکن انہوں نے ہم نو بہن بھائیوں کی تعلیم و تربیت پر جس طرح توجہ دی اس کی سب تعریف کرتے تھے ۔اماں بابا نے ہم پر کبھی سختی نہیں کی ،مشکل سے شاید ایک آدھ بار بابا نے کسی بھائی کو تھپڑ مارا ہوگا۔ اسی طرح اماں بھی ہلکی پھلکی ڈانٹ ڈپٹ سے ہمیں زندگی گزارنے کے گر سکھاتی تھیں،خصوصاً اماں دادا کی موجودگی کا فائدہ لیتےہوئےنئےسبق سکھاتیں کہ آہستہ بات کرو ،زور زور سےہنسا صحیح نہیں ، تمہارے دادا بیٹھے ہیں ،سر پر دوپٹہ لو،وغیرہ،پھرہم بہنوں کواحساس دلاتی رہتی تھیں کہ میری بچیاں صرف تعلیم ہی حاصل نہیں کر رہیں بلکہ ہر قدم اٹھاتے ہوئے اپنے والدین اور خاندان کے وقار اورعزت کا خیال رکھتی ہیں ۔ان کی دادی بھی پڑھی لکھی اورسلیقہ مند خاتون تھیں ، غرض کہ ان کی تربیت کا سب سے اہم پہلو ہمیں وقت دینا تھا ۔ اس طرح اماں کی بھرپور توجہ نےہمیں بہت سےاسباق ذہن نشین کرا دیے ـ
پھرآج سےچنددہائیاں پیچھےمڑکردیکھیں توزیادہ ترماؤں نےیعنی ہم نےبھی اپنےبچوں کوبھرپوروقت دیااورالحمدللہ بہترین تربیت کرنےکی کوشش کی لیکن پچھلے ادوار کی ماؤں سے آج کل کی مائیں کچھ مختلف نظرآتی ہیں،میں سب کی بات نہیں کر رہی لیکن آج کل کی اکثر مائیں چاہے وہ ملازمت پیشہ ہوں یا گھریلو زندگی گزاررہی ہوں اولاد کو زیادہ وقت نہیں دے پا رہیں، اس کی بڑی وجہ موبائل فون ہے ، جو وہ خود بھی استعمال کر رہی ہیں اور جب بچے انہیں تنگ کرتے ہیں توانہیں موبائل فون یا ٹی وی دیکھنےمیں مصروف کر دیتی ہیں ۔
ماں کی گود اولاد کےلئے پہلی درس گاہ ہے،درس گاہ سےدوررہ کربچےذہین ہونےکےباوجود تربیت سےخالی رہیں گےاورہم سب اس بات سےبخوبی واقف ہیں کہ بچوں کی عمر کا ابتدائی دور سیکھنےسکھانےاورتربیت حاصل کرنےکےلئےبہت اہمیت کا حامل ہے ۔بابا کو صرف زندگی کے پانچ سال تک اپنی والدہ کی رفاقت نصیب ہوئی تھی لیکن ان پانچ سال میں ان کی والدہ نےان کےاندر جو نیکی کا بیج بویا تھا وہ دن بدن تناور درخت بنتا گیا جس نے ان کے پورے کنبے کو چھاؤں اور سکھ فراہم کیا ،الحمدللہ ـــ
لہٰذاوالدین کو اپنےبچوں کےساتھ اس قیمتی وقت کومثبت سرگرمیوں میں گزارناچاہیے،یقیناً اس وقت کا بویا ہوا بیج بڑھاپےمیں ان کےلئےبھی ٹھنڈی چھاؤں بنے گا اور آس پاس والوں کو بھی راحت پہنچائے گا ،ان شاءاللہ




































