
افروزعنایت
چند دنوں سے بلوچستان میں غیرت کےنام پردوجانوں کےقتل کی دردناک خبریں ہرطرف گردش کررہی ہیں۔ہرشخص اپنےنقطۂ نظرسےاس واقعےکی وجوہات
بیان کر رہا ہے۔ ہم اصل حقائق سے تو واقف نہیں لیکن یہ کہنا بجا ہوگا کہ یہ ایک نہایت افسوسناک واقعہ ہے۔
کچھ لوگوں کے مطابق اس جوڑے نےنکاح کر لیا تھا،واللہ علم۔ ہم حقیقت سےناواقف ہیں لیکن جو کچھ بھی تھا،قانون کو ہاتھ میں لینااور اس بے دردی سے دو انسانوں کو قتل کر دینا ایک انتہائی قابلِ مذمت قدم ہے۔
اس واقعےکو سن کرمیں کچھ دہائیاں پیچھے چلی گئی۔
مجھے اپنی ایک پیاری دوست نےاپنےقریبی رشتے داروں کا ایک واقعہ سنایا تھا۔اُس نےبتایا
ایک دن بابا کے ایک رشتےدار (جن کی بیوی کا انتقال ہو چکا تھا)بڑی پریشانی کےعالم میں بابا کےپاس آئے۔ان کی آنکھوں سےان کےدل کا درد صاف جھلک رہا تھا۔ لرزتی آواز میں انہوں نے کہا: "میری بیٹی نے چھپ کر اپنی خالہ کی پڑوسی سے نکاح کر لیا ہے، اس نکاح میں اس کی خالہ بھی شریک تھیں۔ نکاح کے بعد وہ لڑکی میرے گھر آ گئی ہے۔ میں اس کی شکل بھی نہیں دیکھنا چاہتا۔ میں نے اسے کہہ دیا ہے کہ میرے گھر سے نکل جاؤ، میرا تم سے کوئی واسطہ نہیں رہا،کیونکہ اس نےمیری اور میرے خاندان کی عزت خاک میں ملا دی ہے۔"
یہ کہہ کروہ رونے لگے۔
بابا نے تحمل سے بات سنی اور کہا: "واقعی،ولی کی اجازت کے بغیر نکاح کرناایک ناپسندیدہ عمل ہے۔یہ نہ صرف پورے خاندان کی عزت وغیرت کا مسئلہ ہے بلکہ آئندہ نسل پر بھی اس کا اثر پڑ سکتا ہے لیکن اس لڑکی کو یوں دربدر کر دینا سوائے رسوائی اور ذلت کے کچھ نہیں لائے گا جنہیں اس واقعے کا علم نہیں،اُنہیں بھی ہو جائے گا۔ اس طرح نہ صرف پورے خاندان کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے گا بلکہ ہماری بچیوں کے مستقبل پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔"
بابا نے مزید کہا: "بہتر یہی ہےکہ اس لڑکےکےگھروالوں کوعزت سےرشتہ لےکرآنےکا کہاجائےاورسب رشتےداروں اورپڑوسیوں کی موجودگی میں لڑکی کو باعزت طریقےسےرخصت کیاجائے۔بے شک اس نے غلط قدم اٹھایا لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ اس نے نکاح کا راستہ اختیار کیا ہے۔"
پہلےتووالد بہت غصےمیں تھےاورماننےسےانکاری رہےلیکن آخرکار بابا کےسمجھانےسےوہ راضی ہوگئے۔
یوں تحمل و بردباری سےاس لڑکی کی شادی اسی لڑکےسےکردی گئی اوراصل واقعہ کسی کومعلوم نہ ہوسکا۔گھرکی عزت گھرہی میں محفوظ رہی۔
یہ واقعہ اگرچہ والدین کےلیےنہایت تکلیف دہ تھا لیکن چونکہ لڑکااورلڑکی ولی کی اجازت کےبغیرنکاح کرچکے تھےجو کہ شرعی طورپرغلط تھالہٰذا مزید رسوائی سے بچنے کے لیے ایک مدبرانہ فیصلہ کیا گیا۔
دینِ اسلام نے زندگی گزارنےکےخوبصورت اصول اورراستےمتعین کیےہیں جن پرعمل کرکےانسان اپنی زندگی سنوارسکتا ہے۔ان حدود کوپامال کرنا اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو تکلیف اور اذیت میں مبتلا کرنا ہے۔ بیشک، شادی بیاہ کے معاملات میں عورت اور مرد دونوں کی رائےاورپسند کو اہمیت دینا ضروری ہے تاکہ مذکورہ جیسے واقعات سے بچا جا سکے۔
اگر والدین اپنے بچوں کے ساتھ مثبت اور دوستانہ رویہ اختیار کریں تو یقیناً بیٹےاوربیٹیاں اپنےدل کی بات والدین سےبلا جھجک بیان کر سکیں گےاور یوں بہت سے مسائل گھر کے اندر ہی حل کیے جا سکتے ہیں، جن میں پسند کی شادی بھی شامل ہے۔
ربِّ عزت ہم سب کو دینِ اسلام کی تعلیمات کےمطابق زندگی گزارنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین، ثم آمین، یا رب العالمین۔




































