
افروزعنایت
میری ایک دوست نے بتایا کہ اس کے شوہر کو رات گیارہ بجے اس کے چھوٹے بھائی کےنمبر سے ایک کارڈ نما پیغام موصول ہوا۔ عموماً آج کل اس طریقے
سےفارورڈ میسجز بھیجےجاتےہیں۔اُس وقت توانہوں نےوہ پیغام نہیں پڑھااورسوگئے۔صبح فجر کی نماز کےبعد جب فارغ ہوئےتوموبائل اٹھایا۔رات والے میسج پر نظر پڑی تو حیرت زدہ رہ گئے۔وہ کارڈ ان کےبھائی کے بیٹے (بھتیجے) کے نکاح کا تھا۔
نہ تو بھائی کی طرف سے کوئی باقاعدہ دعوت نامہ موصول ہوا، نہ ہی کوئی اورپیغام کہ آپ سب اس میں شرکت کریں۔اگلے دو دنوں میں بھی نہ بھائی نےفون کیا، نہ ہی کسی اور ذریعے سے دعوت دی۔ یوں محسوس ہوتا تھا جیسےصرف اطلاع دینا ہی مقصد تھا۔ میرے شوہر خود کو تسلی دیتے رہے کہ شاید جلدی میں صرف نکاح کیا گیا ہے، یقیناً شادی اور رخصتی میں چھوٹا بھائی عزت کے ساتھ دعوت دے گا۔
خیر، شادی کے اگلے دن میرے شوہر کو اُن کی بہن کا فون آیا:
"کل آپ نے شادی میں شرکت نہیں کی؟"
تب معلوم ہوا کہ رخصتی بھی ہو چکی ہےاور تقریب میں خاصے مہمان بھی شریک تھے۔ بہن کی بات سُن کر میرے شوہر کو بہت دکھ ہوا کہ چھوٹے بھائی کی طرف سے نہ تو کوئی فون آیا، نہ اطلاع۔
میرے بیٹے نے باپ کو تسلی دی:
"شاید وہ زیادہ مہمانوں کو بلانا ضروری نہیں سمجھتےہوں گے،صرف گھر کےلوگ ہی شامل ہوئے ہوں گے۔اسی لیے فون یامیسج نہیں کیا۔ کوئی بات نہیں بابا۔"
مجھے اپنی دوست کی یہ بات سُن کر بہت حیرت ہوئی کہ آج کل اتنےقریبی رشتوں کی یہ اہمیت رہ گئی ہےکہ شادی بیاہ پر بھی انہیں مدعو کرنا ضروری نہیں سمجھا جاتا!
میں خود چند دہائیاں پیچھے چلی گئی۔
کتنے حسین دن تھے کہ جب کسی خاندان میں لڑکے یا لڑکی کے رشتےکی بات شروع ہوتی، تو خاندان کے چند بڑوں کو اکٹھا کیا جاتا۔ان کےمشورے سے شادی کی تاریخ لینے کے لیے چند رشتہ داروں کے ساتھ لڑکی والوں کے گھر جایا جاتا۔ تاریخ طے ہونے کے بعد قریبی رشتہ داروں کو منہ میٹھا کروایا جاتا۔ اگر کوئی رشتہ دار ناراض ہوتا، تو دو تین افراد کو ساتھ لے کر اُسے منانے جایا جاتا، تاکہ وہ ہر صورت شرکت کرے۔ ناراض اور روٹھے ہوئے رشتے داروں کو منانا اس موقع پر بہت اہم سمجھا جاتا تھا۔ حتیٰ کہ دعوت نامے دینے کے لیے بھی خاندان کی ایک دو خواتین کو ساتھ لے جانا ضروری سمجھا جاتا تھا۔
پھر، شادی سے ایک دو ہفتے پہلے ہی خاندان کی خواتین اور لڑکیاں شادی والے گھر میں جمع ہو جاتیں۔ کبھی مل کر خریداری کے لیے بازار جاتیں، تو کبھی بری اور جہیز کا سامان سلیقے سے پیک کرکے ایک کمرے میں رکھا جاتا۔ غرض، شادی والے گھر میں قریبی رشتہ داروں کا ڈیرہ ایک سے ڈیڑھ ہفتے تک قائم رہتا۔
یعنی چھوٹے گھروں میں رہنے والوں کے دل بہت کشادہ تھے۔
شادی والےگھروں میں آنےوالی خواتین خود کومہمان نہیں بلکہ اس گھرکاحصہ سمجھتیں۔ کبھی باورچی خانےمیں کھانابناتی،کبھی برتن دھوتی، پھرفارغ ہوکر گانے بجانے اور مہندی لگانے میں مشغول ہو جاتیں۔ شادی والے گھر کا ماحول واقعی کسی میلے سے کم نہ ہوتا۔ساری کزنز سارا دن ہنستے، کھیلتے، قہقہے لگاتے، اور دیر تک وہی ماحول قائم رہتا۔ ان لمحات میں سب ایک لڑی میں پروئےخوبصورت موتیوں کی طرح جُڑے ہوتے،پھر کئی دنوں تک شادی کی تقریبات کو یاد کرکے سب لطف اندوز ہوتے۔
افسوس آج ہماری نئی نسل ایسےحسین، یادگار لمحات سےمحروم رہ گئی ہے،لمحات جن میں اپنوں کا ساتھ،محبتیں اورقربتیں شامل تھیں۔
شاید اسی لیے آج کی شادیوں میں وہ رونق، وہ اپنائیت، اور وہ مناظر دکھائی نہیں دیتےجوکچھ عرصہ پہلےتک ہماری زندگیوں کاحصہ تھے۔وہ مناظر جنہوں نے ہمیں ایک دوسرے کےساتھ مضبوطی سے باندھ رکھا تھا۔




































