
افروز عنایت
اگرچہ اس موضوع پرمیں بہت کچھ لکھ چکی ہوں لیکن یہ ایسا موضوع ہےجس پرنہ صرف مسلسل لکھنےکی ضرورت ہے بلکہ اپنےاردگرد موجود خواتین کواس طرف توجہ
دلاتے رہنا بھی بے حد ضروری ہے،خصوصاً فی زمانہ جب ہماری اکثر مسلمان خواتین کا کرداروعمل دینِ اسلام کی تعلیمات کےبرعکس ہوتا جا رہا ہے،جس کی وجہ سے ہمیں کئی معاشرتی مسائل کا سامنا ہے۔
صرف حجاب تک ہی بات محدود نہیں رہی بلکہ اب زندگی کےمختلف معاملات میں بھی عورت کاوہ کردارباقی نہیں رہاجس کے بارے میں اسلامی تعلیمات میں ہمیں تاکید و نصیحت فرمائی گئی ہے۔
یہ تو پرانی بات ہو گئی کہ میڈیا پرآنے والی خواتین کے دوپٹےغائب ہوگئےہیں یااُن کےلباس دن بدن مختصر ہوتےجارہےہیں لیکن اب تو صورتحال یہ ہےکہ ہمیں کھلے عام ایسی خواتین نظر آتی ہیں جو بغیر دوپٹے اور فل میک اپ کے بازاروں اور شاہراہوں پر گھومتی پھرتی نظر آتی ہیں۔
ہزاروں نامحرموں کی نظریں ان کا تعاقب کرتی ہیں اور بجائے شرمندہ ہونے کے، یہ خواتین فخر محسوس کرتی ہیں۔
افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہےکہ اب توایسی خواتین صرف اپنی اولادکی دنیاوی تعلیم کے لیے فکرمند نظر آتی ہیں تاکہ ان کےبچےکامیاب ہوکران کا نام روشن کریں لیکن افسوس کہ وہ اپنی اولاد کی وہ تربیت کرنے سے قاصر ہیں (یا لاپروائی برت رہی ہیں) جو انہیں معاشرے کے لیے ایک اچھا انسان بنا سکے۔
عام طور پر یہ تاثر پایا جاتا ہےکہ معاشرتی استحکام اورپاکیزگی کےلیےصرف ماں کی تربیت اہم ہے۔بےشک ماں اولادکےلیےپہلی درسگاہ ہےلیکن اسلام نے ہر عورت کو اس معاملے میں اہم کردار کا حامل قرار دیا ہے۔اس سےانکار ممکن نہیں کہ عورت، بحیثیت ماں، بہن، بیٹی، بیوی اوراستاد معاشرے کی اصلاح اور بہتری میں بھرپور کردار ادا کر سکتی ہے۔
میرےاردگرد کئی ایسی خواتین ہیں جنہوں نےاپنےشوہروں کی اصلاح کا کام کیا،انہیں برائیوں سےروکا اورنیکی کی طرف مائل کیاجبکہ بعض خواتین ایسی بھی ہیں جو شوہر کی ناجائز یا حرام ذرائع سے حاصل کی ہوئی دولت پر نہ صرف ناز کرتی ہیں بلکہ انہیں مزید ایسے کاموں پر اکساتی رہتی ہیں۔اسی طرح بعض بہنیں ایسی بھی دیکھی گئیں جنہوں نے اپنے مثبت رویے سے بھائی بہنوں کے اختلافات کوختم کروا کر اُنہیں جوڑے رکھا، بحیثیتِ استاد عورت اپنے شاگردوں کی اصلاح کے لیے بہترین کردار ادا کر سکتی ہے۔
دورانِ تدریس میرا ذاتی مشاہدہ رہا ہے کہ بچے اپنے اساتذہ سے متاثر ہوتے ہیں اور ان کی پیروی کی کوشش کرتے ہیں۔ اگر اس دوران انہیں کوئی اچھی نصیحت کی جائے تو ان میں کئی بچے ضرور اس پر عمل بھی کرتے ہیں۔
خواتین اساتذہ نہ صرف بچوں میں خود اعتمادی پیدا کرسکتی ہیں بلکہ بسااوقات ان کی زندگی کےذاتی معاملات میں بھی اُن کی اصلاح اور رہنمائی کر سکتی ہیں۔مختصر یہ کہ عورت کا کردار معاشرتی اصلاح و استحکام کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے — چاہے وہ گھر کے اندر ہو یا باہر۔




































