
افروز عنایت
نورین دو دن سے پریشان تھی کہ بیٹی کی فرمائش کیسےپوری کرے۔اس کی بیٹی انعم بڑی سمجھدار اورذہین بچی تھی۔ آٹھویں جماعت کی طالبہ ہونے کے ناتے، وہ عمر کے
اس دور میں داخل ہوچکی تھی کہ اب اسےگھرکےمعاشی حالات کاکچھ نہ کچھ اندازہ ہونےلگا تھا۔اسی لیے وہ غیر ضروری فرمائشوں سےگریز کرتی تھی لیکن ماموں کی شادی پر اس کی تمام کزنز نے جدید طرز کے لباس بنوائے تھے،لہٰذا اس نے پہلی بار امی سےشادی پرپہننے کےلیےایک نئےاور فینسی لباس کی فرمائش کی۔
امی نے اس کی بات سنی تو خاموش ہوگئیں، انہیں بہت افسوس ہو رہا تھا کہ وہ اپنی اکلوتی بیٹی کی یہ معمولی سی خواہش بھی پوری نہیں کرسکتیں۔
نورین نے حساب لگایا تو اندازہ ہواکہ ایسا لباس کم از کم چھ سےسات ہزارروپےمیں تیارہوگا۔ شوہرکی تنخواہ میں سےکچھ بھی بچت نہیں ہورہی تھی۔ نورین کی تعلیم صرف میٹرک تک تھی،اس لیے کوئی باقاعدہ ملازمت وہ نہیں کر سکتی تھی۔ البتہ تھوڑی بہت سلائی کا کام آتا تھا، اس لیے کبھی کبھار آس پاس کی خواتین سے سلائی کا کام مل جاتا تھا جس سے کچھ اضافی آمدنی ہو جاتی۔ دونوں میاں بیوی کی کمائی سے بچوں کی تعلیم اور گھر کے اخراجات بمشکل پورے ہو رہے تھے اور بچت نہ ہونے کے برابر تھی۔
اس نےسوچااگراس ہفتےزیادہ سلائی کا کام مل جائے تو کچھ بچت ممکن ہوسکتی ہے۔میں ضرورساجدہ خالہ سےکہوں گی کہ وہ مجھےکہیں سےسلائی کا کام دلا دیں۔
کئی دنوں سے وہ سوچ رہی تھی کہ الماری کے اوپر رکھے بیگ کی صفائی کرے گی۔ آج اسےوقت مل گیا، تو وہ کرسی پر چڑھ کر بیگ اتار لائی۔ اس میں موجود ایک ڈبہ کھولتے ہی اس کے ہاتھ میں اس کی شادی کا پرانا شرارہ سوٹ آ گیاجو کئی بار استعمال ہو چکا تھا اور گزشتہ کچھ سالوں سے بالکل بیکار پڑا تھا۔
اچانک اس کے ذہن میں ایک خیال آیا۔اس نےوہ پرانا شرارہ سوٹ سرف سےدھو کر، بڑی محنت سےدو دن میں بیٹی کی پسند کے مطابق جدید طرز کی میکسی تیار کر لی۔
جب ساس نے دیکھا تو بے اختیار داد دی، ’’ام کے آم گٹھلیوں کےدام! تم نے تو کمال کردیا،دیکھ کربالکل اندازہ نہیں ہوتا کہ یہ پرانےکپڑے سےبنایا گیا لباس ہے۔‘‘
شام کو نورین نے شوہر کو انعم کی میکسی دکھائی تواس نےفوراًکہا’’یہ تو بہت قیمتی لگ رہاہے! اتنےپیسےکہاں سےآئے؟کیا تم نےکسی سےادھارلیا ہے؟‘‘
نورین نے سارا ماجرا بیان کیا، تو سب نےاس کی سمجھداری اور سلیقہ مندی کی داد دی۔ واقعی،سگھڑ اور سلیقہ مند خواتین پرانی اور بیکار اشیاء کو نئی اور کارآمد شکل دینے کا ہنر جانتی ہیں۔آج کے اس مہنگائی کےدور میں کفایت شعاری اور سلیقہ مندی ایسی صفات ہیں جن سے نہ صرف عورت خودبلکہ اپنے گھر کے مردوں کو بھی بہت سی پریشانیوں سے بچا سکتی ہے۔
مجھے کل ہی ایک متوسط طبقے کی لڑکی نے بتایا کہ اُس کےپرانے لان کےسوٹ جوبیکارہوچکےتھے لیکن ان کےدوپٹےبالکل نئےتھے۔اس نےایک خاتون سے ان دوپٹوں کے ذریعے اپنی سات سالہ بیٹی کے لیے گھر میں پہننے کے لیے کرتیوں کا جوڑا تیار کروا لیا۔
اس نے مزید بتایا، ’’الحمدللہ، ہم دونوں میاں بیوی کی آمدنی معقول ہےلیکن چاربچوں کی تعلیم اور دیگرگھریلو اخراجات کی وجہ سےہمیں سنبھل کرقدم اٹھانا پڑتا ہے۔ ہمیں مستقبل میں بچوں کی اعلیٰ تعلیم کے لیے بھی بچت کرنی ہے، اس لیے ہم فضول خرچی سےاجتناب کر رہے ہیں۔‘‘
بے شک، عورت کا کفایت شعار اور سلیقہ مند ہونا گھر کے استحکام کے لیےنہایت ضروری ہےجبکہ فضول خرچ خواتین نہ صرف خود مشکلات میں مبتلا ہوتی ہیں بلکہ اپنے شوہروں کو بھی ذہنی اذیت میں ڈال دیتی ہیں۔ اسی لیے قرآن میں فرمایا گیا ہےکہ "فضول خرچ شیطان کے بھائی ہوتے ہیں۔"




































