
افروزعنایت
شہلا تم بیکار کی باتیں مت کرو ،اس مہنگائی کے دور میں ایسی ملازمت کے لئے تو لوگ ترستےہیں۔اب مجھے موقع ملا ہے تو تمہارے دقیانوسی لیکچرز شروع ہوگئے ،سب میرے نصیب پر رشک کر رہے ہیں
اور تم ۔۔۔
اقبال میں تمہیں اس ملازمت سے منع نہیں کر رہی لیکن حرام کمائی سے بچنے کے لئے کہہ رہی ہوں ۔ رب العزت حلال رزق میں برکت عطا فرماتا ہے ۔ میں تمہارا ساتھ دینے کے لئے ملازمت کروں گی ۔ ہم کفایت شعاری سے کام لیں گے تو ان شاءاللہ ، اللہ مدد فرمائے گا ،ہمیں مال کی ہوس اور لالچ نہیں رکھنی چاہیے ـ اپنی آخرت کے بارے میں سوچنا چاہیے ۔بچوں کے بارے سوچنا چاہیے کہ رزق حرام ان کے پیٹوں میں جائے گا تو یہ بھی نافرمان بلکہ آگے چل کر حرام کاریوں میں لگ جائیں گے ــ
اقبال نے جس محکمے میں ملازمت شروع کی تھی وہاں کمائی کےراستے کھلے ہوئے تھے اس کےتقریباًتمام کو لیگ اس کمائی کوحاصل کرنے میں مصروف تھے۔اقبال کی بیوی نے پہلی مرتبہ اپنے شوہر کی کسی بات پرمخالفت کی تھی بلکہ دھمکی بھی دی کہ وہ صرف تنخواہ کی رقم سےگھراوربچوں کےخرچے پورے کرے گی ۔تمہاری حرام کی کمائی کو ہاتھ بھی نہیں لگائے گی جس پر وہ بڑا تلملا یا بلکہ ناراض بھی ہوا
لیکن مجبوراً بیوی کی بات ماننی پڑی ــــ
رب العالمین اپنے بندوں کو مایوس نہیں کرتا ،لہٰذا اللہ نےغیبی مدد فرمائی کہ ایک مہینے کے بعد ہی شہلا کوبھی اچھی ملازمت مل گئی اور پھر دنیا والوں نے دیکھا کہ اس حلال آمدنی میں نہ صرف برکت ہوئی بلکہ دونوں میاں بیوی یوں پر سکون زندگی گزارنے لگے ،جیسے انہیں بہت بڑی کامیابی نصیب ہو گئی ہو ،بیشک یہ تو میرے رب العزت کا ارشاد ہے کہ " یقیناً کامیاب ہو گیا جس نے اس ( نفس ) کو پاک کر لیا ،
اسی محکمے میں اقبال کا کزن شبیر بھی ملازمت کرتا تھا جس نے سب سے زیادہ اپنے کزن اقبال کا مذاق اڑایا تھا اور اسے بیوقوف کہا تھا ،اس کے گھر میں اس حرام کمائی سے چاندی برسنے لگی ، یہی نہیں بلکہ اس نے دھوکے سے باپ کے مرنے کے بعد اس کی جائیداد اپنے نام منتقل کروالی ،بھائی اور بہن اسے منتیں کرتے رہےلیکن اس نے حصہ دینے سے صاف انکار کر دیا کہ میرے پاس کچھ نہیں ہے ـ
شبیر کے گھر میں اس حرام کمائی کی وجہ سے (گھر میں )نہ صرف بےسکونی کی فضا پیداہوتی گئی بلکہ دونوں بیٹےجن پراسےنازتھا آوارہ گر دی کی وجہ سے بری صحبت میں رہنے لگے۔گھر میں پیسے کی کمی نہیں تھی، لہٰذا وہ حرام کی کمائی حرام کے کاموں میں لٹانے لگے ، گھر میں بظاہرہرایک دولت کے بل بوتے پر عیش کی زندگی گزار رہا تھا لیکن ہرکسی سےبیگانہ اور لا تعلق تھا ۔
شبیر کو اس تمام صورتحال کو دیکھ کرعقل آجا نی چاہیےتھی مگراس کے باوجود اسے کوئی پروانہ تھی کہ جووہ کما رہا ہے ،حاصل کر رہا ہے وہ حلال ہے یا حرام ۔۔۔ اسے تو بس اس دنیا کے عیش وعشرت کی تمنا تھی دیکھا جائےتو دنیا کا سکون اوراطمینان بھی اسے حاصل نہ تھا
جبکہ دوسری طرف اس کا کزن اقبال اپنے بیوی بچوں کے ساتھ سکون کی زندگی گزار رہا تھا ،فرمانبرداراورنیک اولادجو اس کےلئےآخرت میں بھی سکون کا باعث بن سکے گی ـبیشک انسان کی کامیابی اپنے نفس کو قابو میں رکھنے کی وجہ سے حاصل ہوتی ہے، اس نفس کو قابو میں رکھنے سے ہم میں سے اکثر وبیشتر غافل ہیں جو آخرت کے خسارے کا باعث بنے گا ۔




































