
افروز عنایت
بہو نے مجھےٹیرس میں بلایا اوربڑی سنجیدگی سے کہا،امی اس لڑکی کوسامنےدیکھئے،اب اس کےپیچھے جو دو لڑکے آ رہے ہیں وہ روز یہاں رک کر اس لڑکی کے ساتھ ہنسی مذاق کرتے ہیں ۔ان میں
سے ایک تو اس لڑکی کا کبھی ہاتھ پکڑتا ہے کبھی پھول اورلفافہ تھمادیتاہے۔،یہ روز کا اس کا معمول ہے،کیا اس کے ماں باپ کو اس کی یہ حرکتیں نظرنہیں آتیں۔مجھے بھی دیکھ کر بہت افسوس ہوا ۔ یہ سب کچھ سر عام ہو رہا ہے جن پر شروع میں تو والدین اتنی توجہ نہیں دیتے لیکن اکثر ان کے نتائج بڑے ہولناک سامنے آتے ہیں ـ
آپ سب کہیں گے کہ یہ تو نظارے آج کل ہر جگہ دیکھے جاسکتےہیں لیکن افسوس کے ساتھ کہوں گی کہ یہ بے حیائی اب پہلے سے زیادہ بڑھ گئی اور عام ہوگئی ہے ۔کسی عالم صاحب کا اس سلسلے میں بیان سننے کا موقع ملا جنہوں نے کہا کہ میڈیا پر آج کل ہر شے اور فحاشی سرعام بچوں ،بوڑھوں اور جوانوں کے سامنے آرہی ہیں ۔موبائل ہر چھوٹے بڑے کی دسترس میں آگیا ہے جس کی وجہ سے کوئی فعل اب ڈھکا چھپا نہیں ہے ۔ظاہر ہے یہ سب دیکھ کر انسان کے بہکنےکے،بدی اوربے حیائی کی طرف مائل ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں ۔
یہ حقیقت ہے ، میڈیا پر آنے والی خواتین کا لباس دن بدن مختصر ہوتاجارہاہے پھرمردوں اورعورتوں کےدرمیان رومانوی عشقیہ ڈائیلاگ،ایک دوسرے کےساتھ آزادنہ بیہودہ حرکات ،جس نے معاشرے کو بری طرح متاثر کیا ہے ۔ یہ سب کچھ دیکھ کر خصوصاً نوجوان نسل بگڑتی جارہی ہے۔ یہی ساری حرکات مخلوط تعلیمی اداروں میں آزادی سے کرنے کاانہیں موقع مل رہا ہے۔ یہ صورتحال یقیناً غیرت مند اور شرفاء کے لئے اذیت ناک ہے ۔اس سلسلےمیں والدین کو بچوں کی تربیت کی طرف خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔اس کے ساتھ خصوصاً میڈیا پرپابندیاں عائد کر نا اور ان کے لئے کوئی لائحہ عمل تیار کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔




































