
افروز عنایت
گھنٹی کی آواز سن کر موبائل اٹھایا تو دوسری طرف سےعفت کی آواز تھی ۔۔۔
السلام علیکم امی۔۔۔۔ آپ کی طرف سب خیریت ہے ۔کیا بارشِ ہورہی ہے اور بچے اسکول سے آگئے ہیں ؟؟
جی بیٹا بارش زیادہ نہیں لیکن ہورہی ہے،ہاں دونوں چھوٹےبچےآگئےہیں لیکن عدینہ کوتھوڑی دیرمیں ڈرائیور لینے جائےگااورتمہارے بچے آگئے نہیں امی حمزہ کی تو ابھی چھٹی ہوئی ہے اور افشاں لوگوں کی بھی ہونے والی ہے۔بادلوں کے گرجنے کی آواز سن کر میں نے کہا ،بہت تیز بارش ہورہی ہے ،پریشان نہ ہو ،ان شاءاللہ سب بچے خیریت سے پہنچ جائیں گے ــ جیسے ہی بچے گھر آئیں مجھے ضرور اطلاع دینا ۔
میں بیٹی کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھی،اس کےشوہربھی پاکستان میں نہیں تھے،آخراس کےپڑوس میں رہنے والی نند کا بیٹاجواتفاقاًاپنےگھر میں اس وقت موجود تھا وہ بچوں کو پیدل لینے گیا کیونکہ شاہ فیصل کا تمام علاقہ دریا بن چُکا تھا ، گٹر ابل رہے تھے، اس طرح وہ سترہ اٹھارہ سالہ بچہ ان پانچ بچیوں کے ساتھ پیدل چل کرڈیڑھ گھنٹےکےبعدخیریت سےگھرپہنچا ، اس وقت شام کے چھ بج چکے تھے ۔
یہ صورتحال کئی خواتین نے ہم سے شیئر کی کہ پورا شہر کراچی ٹوٹی پھوٹی سڑکوں اور ناقص سیوریج سسٹم کی وجہ سےابتر حالت میں تھا،برکھا رت رحمت کےبجائےزحمت بن گئی ،جس کی وجہ طالب علموں کو ، ملازمت پیشہ مرد وخواتین کوشدی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑالیکن ایک بہترین پہلو بھی اس موقع پرسامنےآیاکہ ایسے مشکل مواقع پر لوگ ایک دوسرے کی مدد کرنے سے پیچھے نہیں ہٹتے۔ایک اسکول کےکچھ ڈرائیوربچوں کوچھٹی میں لینے کے لئے نہیں پہنچ سکے ۔وہاں کی پرنسپل صاحبہ بچوں کے ساتھ اسکول میں ہی بیٹھی رہیں، کچھ والدین تو بڑی مشکل سے بچوں کو لینے کے لئے پہنچ گئے لیکن ابھی بھی کافی بچے رہتے تھے۔ آخر پرنسپل صاحبہ ان بچوں کو لے کر اپنے گھر آگئیں اور مسلسل ان کے والدین سے فون پر رابطے میں رہیں جن چند بچوں کے والدین نہ آسکےوہ بچے پوری رات اس خاتون کے گھر حفاظت سےرہے،ان کے کھانے پینے کا انتظام بھی انہوں نے کیا،غرض کہ اس مرتبہ یہ برکھا رت ہماری اپنی کوتاہیوں اور غفلت کی وجہ سےزحمت بن گیا ،قصور کس کس کا ہے ، ہم سب کو اپنا اپنا محاسبہ کرنا چاہیے اور آئندہ کے لئے اس کی تلافی کرنی چاہیے اور اوپری سطح پر یعنی سرکار اعلیٰ کی طرف سے بھی ایسے مواقع پر پہلے ہی سے اقدامات اور انتظامات کرنےچاہئیں تاکہ لوگوں کو کم سے کم تکالیف کا سامنا کرنا پڑے ۔




































