
رپورٹ: یاسمین صدیقی / افروزعنایت
ادب اور ادیب ایک دوسرے کیلئےلازم و ملزوم ہیں،ادب شناس ان کی قدردانی کرکےان کی صلاحیتوں کانہ صرف اعتراف کرتے ہیں بلکہ ان کے نام اور کام
کو بھی زندہ رکھنے کی سعی کرتے ہیں۔اسی مقصد کےتحت رنگ نوکام کررہاہےاوراس نےجہاں ملک بھرکےقلم کاروں کوایک پلیٹ فارم مہیا کیا ہے،وہیں اس بات کی کوشش ہے کہ ایسے ادیبوں اور دانشوروں کی بھی پذیرائی کی جائے جنہوں نے اپنی پوری زندگی ادب کی خدمت میں گزاری اور ایسا ادب تخلیق کیا جو نئی نسل کیلئے سرمایہ حیات ثابت ہو سکتا ہے۔رنگ نو نے اپنے مقصد کو تقویت دینے کے لیےادارہ تعمیر ادب جماعت اسلامی کراچی کےاشتراک سے ملک کے ممتاز ادیب دانشور شاعر مفسر اقبالیات اور سیرت نگار پروفیسر خیال آفاقی کی ملک کیلئے بےمثال ادبی خدمات کےاعتراف میں ان کےاعزاز میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا،جس میں شہر کی نامور ادبی،علمی شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کی صدارت معروف ادیبہ مورخ اور مترجم پروفیسرڈاکٹر نگارسجاد ظہیرنےکی۔مہمان خصوصی ادیبہ واستاد محترمہ پروفیسر فرحت عظیم تھیں۔ آل پاکستان جیولر ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ارشد، ریجنل منیجر سلمان کارپوریشن پرائیویٹ لمیٹڈ نوید انجم مہمانان گرامی تھے۔
تقریب میں نظامت کےفرائض پروفیسرڈاکٹرسہیل شفیق نے نہایت خوبصورتی سےانجام دیے۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سےکیاگیا۔تلاوت کلام پاک کی سعادت پی ٹی وی کے معروف قاری حسیب نے حاصل کی جبکہ نعت رسول مقبول ؐ پروفیسرخیال آفاقی کا کلام ام حبیبہ مطاہر نے پیش کیا ،جبکہ معروف نعت خواں بہنوں ”ہدیٰ سسٹرز“ نے بھی آفاقی صاحب کا لکھا نعتیہ کلام حاضرین کی سماعتوں کی نظر کیا۔تقریب میں سےنامور ادیبوں،دانشوروں اور اساتذہ صدر شعبہ اسلامک اسٹڈیز اسلامیہ کالج کراچی ڈاکٹر ثنا اللہ محمود،براڈکاسٹر ریڈیوپاکستان واینکر اظہر جان، سابق صدر شعبہ اردو جامعہ اردووسرپرست اعلیٰ رنگ نو پروفیسر سعید حسن قادری،شاعر محقق ونقاد ڈاکٹر رانا خالدمحمود قیصر،سینئر صحافی وشاعر اختر سعیدی،پروفیسر خواجہ قمر الحسن،شاعر و ادیب معراج جامعی ،بانی رنگ نو زین صدیقی ودیگر نے خطاب کیا۔

تقریب میں ڈائریکٹر رنگ نویاسمین شوکت،معروف شاعرخلیل اللہ فاروقی،براڈکاسٹر،مصنف،استاد،ایڈیٹرپروفیسرسلیم مغل،معروف صحافی ومصنف جلیس سلاسل،نامورمصنف رضی سید،جمعیت الفلاح کےصدرقمرمحمدخان،مصنف غیوراحمد خان،ادیبہ افروزعنایت ودیگرشخصیات نے شرکت کی۔رنگ نو کی جانب سےپروفیسر خیال آفاقی صاحب کولائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیااوراجرک پیش کی گئی،گلدستہ دیا گیاجبکہ ان کے دیرینہ ساتھی پروفیسر مقصود کو بھی ایوارڈ دیا گیا۔
تقریب میں پروفیسر خیال آفاقی کی کتب کا تعارف پیش کیا گیا،جن میں رسول اعظم ؐ، سحر گاہی،یا حبیبی،لذت آشنائی، میزان حمد،بچوں کے اقبال،شاعر اسلام، ناول آدم زاد،مس انار کلی،،عورت ومرد کی کہانی،نفس جبرائیل،تمنا بر آئی،جو دلوں کو فتح کر لے،حد ادب،اورصدارتی ایوارڈ یافتہ کتاب رودنور جیسی مایہ ناز کتب جبکہ پی ایچ ڈی اور ایم فل کے طلبہ کی جانب سے پروفیسر خیال آفاقی کی تخلیقات پرلکھے گئے مقالات بھی شامل تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر خیال آفاقی کہا کہ اہل قلم ہمیشہ سچ لکھیں،بے حیائی لکھ کر اسےقلم کی حرمت کو مسخ نہ کریں،قلم کی قسم قرآن مجید میں اللہ تعالی نے کھائی ہے،اس قلم کی بڑی عظمت ہے۔انہوں نے کہا کہ قلم کے ذریعے بیہودہ ادب کی تخلیق گمراہی ہے اور آخرت میں اللہ کی پکڑ کا باعث ہوگی۔ پروفیسر خیال نے کہا کہ ہمیشہ اپنے قلم سے اچھا ادب تخلیق کریں،ایسا ادب جونئی نسل کو امیداور پیغام دے ،ان کی شخصیت کی تعمیر کرے۔پروفیسر خیال آفاقی نے اس امر پر افسوس کا اظہار کہ سوشل میڈیا پر نئی نسل کو مثبت اور تعمیری سوچ اور فکر کو پروان چڑھانے کے بجائے انہیں گمراہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو ادب سے آراستہ کرنے کے لیے قلم کار اپنے قلم کو استعمال کریں۔انہوں نے رنگ نو کے منتظمین اور اپنے چاہنے والوں سے بھی اظہارتشکرکیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر تقریب نگار سجاد ظہیر نے کہاکہ اچھےکاموں کی تعریف ضروری ہے،پروفیسرصاحب انتہائی سادہ طبعیت اور منکسرالمزاج انسان ہیں۔انہوں نے ہمیشہ علم وادب کی خدمت کی ہے،پروفیسر خیال آفاقی اس بات کے مستحق تھے کہ ان کے اعزاز میں یہ تقریب رکھی جاتی۔رنگ نو کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔
مہمان خصوصی پروفیسر فرحت عظیم نے کہا کہ غورو فکربڑی چیزسےاسی سےآگےکی منازل سامنےآتی ہیں،اس عمل جو جاری ساری رہنا چاہیے،آفاقی صاحب غور وفکر بھی کرتے ہیں اور ان کی تخلیقات میں غور وفکر کے ساتھ ساتھ سچائی بھی ہے ،آپ کی تخلیقات یادگار اور مثالی ہیں۔
تقریب میں سینئر صحافی اورشاعراختر سعیدی اورمعراج نےمنظوم خطاب کیا،اخترسعیدی نےپروفیسرخیال آفاقی پرلکھی نظم بھی پیش کی۔انہوں نے پروفیسر خیال آفاقی کی شخصیت اور فن پر روشنی ڈالی او ر کہا کہ خیال آفاقی کا کام منفر د اور ہمیشہ زندہ رہنے والا کام ہے،پروفیسر خیال آفاقی کسی شخص یا ادیب کا نام نہیں، یہ ایک عہد کا نام ہے،سچائی ان کا وصف ہے اور مایوسی اور دروغ گوئی کی ان کے یہاں کوئی جگہ نہیں۔
پروفیسر سعید حسن قادری نےکہا کہ آفاقی صاحب نےسیرت البنی ؐاوراقبات پر جونمایاں کام کیاہےوہ ملکی ادب کا خزانہ ہے،آفاقی صاحب سادہ طبعیت انسان اور لوگوں سے محبت کرنے والے ہیں۔
آل پاکستان جیولرزایسوسی ایشن کےچیئرمین محمدارشدنےکہاکہ آج سوشل میڈیا کی وجہ سےنئی نسل اپنی اقداراورکتاب سےدورہوگئی ہے،پروفیسر صاحب نے جو لکھا ہے ،وہ نئی نسل کے لیے رہنما اورخزانہ ہے،انہوں نے کہا آفاقی صاحب کی تصنیفات سے نئی نسل کواستفادہ کرنا چاہیے،انہوں نے کہا کہ میں دیگر اہل قلم سے کہتا ہوں کہ وہ ایسا ادب تخلیق کریں جو موجودہ روایات کا دھارا موڑ دے۔
نویدانجم نے کہاکہ انہیں خوشی ہوئی ہےکہ پروفیسر خیال آفاقی صاحب جیسی بڑی ادبی وعلمی شخصیت کےاعزازمیں یہ تقریب رکھی گئی، ہماری علمی اقدار دم توڑ رہی ہیں۔نئی نسل کتب سے دور ہورہی ہے،نئی نسل کو ان کےکام سے روشناس کروانا ضروری ہے۔
بانی رنگ نو زین صدیقی نےاپنےخطاب میں کہا کہ پروفیسرصاحب نے 70سے زیادہ کتب لکھیں۔آپ نےسیرت النبی ؐ پرمثالی کام کیا،آپ مفسراقبالیات ہیں،اقبالیات پر بھی آپ کا گراں قدر کام ہے۔آپ کی شاعری عشق مجازی والی نہیں عشق حقیقی والی شاعری ہے،جس میں امید ہے،پیغام ہے،رہنما ئی ہے،آپ کی شاعری علامہ اقبال کی شاعری کا عکس ہے۔ پروفیسر خیال آفاقی نے قلم کو ہمیشہ سچائی کو عام کرنے کیلئے استعمال کیا۔
اظہر جان نے کہا پروفیسر صاحب کی تخلیقات نئی نسل کیلئےروشن علمی خزانہ ہیں،پروفیسر خیال آفاقی سچےاورمخلص پاکستانی ہیں۔آپ نے پی ٹی وی کیلئے ماضی میں کئی مقبول ڈرامے بھی لکھے۔
اس موقع پر رنگ نو ڈاٹ کام کی جانب سےایک قرارداد پیش کی گئی جس میں حکومت پاکستان سےمطالبہ کیاگیاکہ پروفیسر خیال آفاقی کی بےمثال خدمات پر ستار امتیاز دیا جائے۔ایوان میں موجود حاضرین نے قرارداد کو کثرت رائےسےمنظورکرلیا۔تقریب میں پروفیسر خیال آفاقی ادبی فورم کے قیام کا بھی اعلان کیا گیا۔




































