
افروز عنایت
زینت کی کہانی سن کر آج اسے اپنی ماں عظمت کی بلندی پر محسوس ہوئی ،کل تک وہ اپنی ماں سےنالاں تھی کہ شادی کےبعد امی کو اس کی
تکلیفوں کازرا بھر احساس نہیں،کبھی اس کی اداس آنکھوں کوانہوں نےپڑھنے کی کوشش ہی نہیں کی،بعض اوقات تواس کےدل میں وسوسے کروٹ بدلتے کہ کیا واقعی میں ان کی سگی اولاد ہوں؟یا انہیں مجھ سے محبت نہیں کہ کبھی انہوں نے مجھ سے میرے درد اور پریشانیوں کے بارے میں پوچھا تک نہیں تھا ـــ۔ رات میں کاموں سے فارغ ہوکروہ کمرے میں سونےکےلئےآئی تو حنیف گہری نیند سو چکا تھا۔
بچوں کے اور اس کے اسکول کی تو کل چھٹی تھی لیکن حنیف کو آفس جانا تھا،حنیف کے چہرے پر اس نے ایک محبت بھری نظر ڈالی جو اس کے اور بچوں کے لئے سخت محنت کر رہا ہے۔ لائٹ بند کرکےوہ بھی پلنگ پرسونےکےلئےلیٹ گئی۔آج وہ سارا دن زینت کے بارے میں ہی سوچتی رہی تھی،اب بھی اس کا مرجھایا چہرہ اس کی آنکھوں کےسامنےتھا جس میں پچھتاوے کی کڑواہٹ نمایاں تھی،اس کی درد میں ڈوبی آواز اس کے کانوں میں ابھی تک گونج رہی تھی ۔
میں نے اپنا آشیانہ ماں اور بہن کے بہکاوےمیں آکربرباد کردیا ،عابد توبیٹےکی وجہ سےہربارمجھ سےسمجھوتا کرتا آ رہا تھا ،اس کی ماں نے بھی کتنی منتیں کیں لیکن میں تو صرف اپنی ماں اور بہن کو ہی اپناہمدرد سمجھتی رہی ۔بار بار روٹھ کر میکے آکر بیٹھ جانا ، شوہر کے ساتھ ساتھ ساس کی بھی بے عزتی کرنا میرا معمول تھا ۔ــ
باجی اور امی کہتی تم نوکرانی نہیں ہو کہ ساس کی بھی خدمت کرو،آخرمیری فرمائشوں اورلڑنےجھگڑنےسےعابد ہارگیا،میں تو سمجھ رہی تھی کہ اس مرتبہ بھی وہ منت سماجت کرکے مجھے گھر لے جائے گا لیکن اس مرتبہ اس کا بھیجا ہوا طلاق نامہ میرے ہاتھ میں تھا جو میرے منہ پر ایک تھپڑ تھا ــ
اور آج ماں تو اس جہاں میں نہیں رہی لیکن بہن اپنی بچیوں تک کومجھ سےملنےنہیں دیتی کہ میراسایہ نہ ان پر پڑے ۔دنیا کی نظروں میں بھی میں ہی قصوروار ہوں ،آج تنہائی میرا مقدر بن گئی ہے ۔ کتنی بدنصیب ہوں کہ پندرہ سولہ سال سے بیٹے کی شکل نہیں دیکھی ــ تنہائیاں میرا مقدر بن چکی ہیں ــــ۔
عالیہ نے کروٹ بدلی اور شکر ادا کیا کہ اس کا گھر امی اور بہن کی سمجھداری کی وجہ سے بچ گیا ،ورنہ نہ جانے میرے ساتھ کیا ہوتا ۔وہ ماضی کے صفحات پلٹتے پلٹتے چند دہائیاں پیچھے چلی گئی ــ۔شادی کے بعد گھریلو و معاشی مسائل ، پھر حنیف کی لاپروائی جس سے اسے مزید تکلیف ہوتی لیکن اماں نے کبھی اس کی آنکھوں کی اداسی پڑھنے اور سمجھنے کی کوشش ہی نہیں کی بلکہ ہمیشہ اسے اداس دیکھ کر کہتی ،یہ کیا ہر وقت منہ پھلائے رہتی ہو ،ہنسو بولو ،اپنی زندگی کو خوشگوار بناؤ ، یہی بات باجی بھی کہتی رہتی کہ ان چھوٹی چھوٹی باتوں کو کو سر پر مت بٹھاؤ کہ جینا دشوار ہو جائے ،آخر ان کی باتوں سے اس نے سوچا اس کڑے وقت میں اللہ کے سوا کوئی سہارا نہیں۔ لہٰذا عالیہ نے اپنی زندگی کو خود سنوارنے کی کوشش کی ،اگرچہ راستے مشکل تھے پر جینے کی راہ دکھا گئے اور آج وہ مطمئن تھی کہ میرا گھر بچ گیا ،جس کے سائے میں میرے بچوں کی زندگی بھی سنور گئی۔ ـــ الحمدللہ




































