
افروز عنایت
تہجد کی نماز پڑھ کر میں ٹیرس میں آکر کرسی پر بیٹھ گئی ۔ شیشے کی دیوار کے پار
اسٹریٹ لائٹس کی مدھم روشنی میں کشادہ سڑکیں نظر آرہی تھیں، میں آسمان پر چمکتے چودہویں کے چاند سے لطف اندوز ہورہی تھی کہ سامنے ایک خاتون کو دیکھا جو تنہا اس گھڑی جا رہی تھی ،اپنے حلیے سے وہ پڑھی لکھی لگ رہی تھی، ہاتھ میں بڑا بیگ بھی تھا ،دیکھ کر میں حیران رہ گئی ، رب العزت اس کی حفاظت کرے ،ابھی وہ نظروں سے اوجھل بھی نہیں ہوئی تھی کہ دوسری خواتین کو دیکھا وہ بھی اسی طرح جدید طرز کا لباس زیب تن کئے ہوئے تھیں۔ ـــ
یہ دبئی میں میرا پہلا دن تھا ،یہ سب دیکھ کر مجھے حیرانی ہورہی تھی کہ رات کے آخری پہر اندھیرے میں ان اکیلی خواتین کے ساتھ کچھ ہو سکتا ہے۔ ــ
صبح بیٹے اور شوہر کو بتایا کہ اندھیرے میں اس طرح خواتین تنہا کیسے بے خوف وخطر پیدل جارہی تھیں۔ ـــ
بیٹے نے کہا امی اگرچہ دبئی کافی ایڈوانس ملک ہے لیکن یہاں امن وامان ہے ۔ہر شخص چاہے مسلم ہو یا غیر مسلم اسے تحفظ حاصل ہے ۔یہ علاقہ کیونکہ ائیرپورٹ سے نزدیک ہے اس لئے زیادہ تر ائیرلائنز کے ملازم رہائش پذیر ہیں۔ اگلے چوک پر تقریباً سات آٹھ منٹ کے فاصلے پر ائیرپورٹ جانے کے لئے بسوں کا اڈاہے ،لہٰذا تمام رات خواتین و حضرات بہترین امن و امان ہونے کی وجہ سے بلا خوف وخطر پیدل وہاں تک جاتے ہیں ،آج تک ان کے ساتھ کوئی حادثہ پیش نہیں آیا ۔ـ
یہاں قانون کی پاسداری ہر شخص کے لئے لازمی شرط ہے چاہے وہ مسند پر بیٹھا حکمران ہو یا ادنی سا ملازم سب برابر ہیں ،ہر جگہ کیمرے نصب ہیں ،جس کی وجہ سے کسی کا جرم یا غلطی چھپ نہیں سکتی ،پھر اس جرم اور غلطی پر ایمانداری سے قانونی کارروائی کی جاتی ہے ،کوئی مجرم بچ نہیں سکتا۔ ــ اسی لئے یہاں ہر شخص کسی بھی غلط یا غیر قانونی کام کرنے سے دور رہنے کی کوشش کرتا ہے۔ڈیڑھ ماہ میں اس ملک میں رہ کر مجھے دلی سکون محسوس ہوا اور ہر روز دل سے یہ دعا نکلتی کہ کاش ہمارے وطن میں بھی اس طرح امن و امان قائم ہو جائے، ہر ایک کو تحفظ اور عزت حاصل ہوسکے۔ ــ
جی ہاں اس خواب کی تعبیر کے لئے ایسے لوگوں کا اقتدار میں آنا بے حد ضروری ہے جو خود پاک صاف شخصیت کے مالک ہوں اور ملک اور عوام کی بھلائی اور ترقی اور اسلامی شریعت کے خواہاں ہوں ، ــ ایسے لوگ یقیناً ہمارے ارد گرد موجود ہیں لیکن مفاد پرست عناصر انہیں آگے آنے نہیں دیتے ـ آپ سب دعا کریں کہ آنے والے وقت میں یہ ملک حقیقت میں اسلامی ریاست بن سکے۔ آمین ثم آمین یا رب العالمین
af





































