
افروزعنایت
ہمارے بچپن میں سردیوں کے موسم میں رمضان المبارک کا مہینہ شروع ہوا وہ رمضان
المبارک کا مہینہ اکثر تنہائی میں یاد آتا ہے تو آج بھی چہرے پر مسکراہٹ بکھیر دیتا ہے ــ جی ہاں ہمارا معصوم بچپن جسے آج کے بچے ہماری بے وقوفی سے تشبیہ دیتے ہیں ـ
یہ آج سے چند دہائیاں پہلے کی بات ہے سخت سردی کا موسم تھا ،دسمبر کا مہینہ تھا ــ خیر ہماری آپی صاحبہ جو ہم دونوں بہنوں سے تقریباً چھ سات سال بڑ ی ہیں ، ہم پر بڑا رعب جھاڑتی تھیں، کیونکہ ہماری دیکھ بھال کرنا ہوم ورک وغیرہ کروانا ان ہی کی ذمہ داری تھی ۔
ہم دونوں چھوٹی بچیاں ہونے کی وجہ سے روزے نہیں رکھتی تھیں لیکن آپی کی اس طرح دیکھ بھال کرنے سے تو بہتر تھا کہ ہم روزہ ہی رکھتے ـــ آپی امی کے ساتھ سحری کی تیاری کراتی اور سحری کرنے کے بعد ہم دونوں چھوٹی بہنوں کو رضائی سے نکال کر کھڑا کرتی کہ برش کرکے صفائی سے منہ ہاتھ دھو کر آؤ اور خود فجر کی نماز کے لئے وضو کرنے چلی جاتی اور اگر خدا نخواستہ ہم میں سے کوئی ایک اونگھتا ہوا دوبارہ پلنگ پر ڈھے جاتا تو اسے چٹیا سے پکڑ کر باتھ روم تک چھوڑ آتیں،نماز سے فارغ ہو کر جلدی سے ہمیں اسکول کا یونیفارم تھماتی اور کہتی جاؤ منہ دوبارہ دھو کر آؤ صحیح نہیں دھویا پھر آکر یونیفارم پہننا ، لو ٹھنڈ میں دوبارہ منہ دھونا پڑتا ،اتنی دیر میں خود سلائس پر مکھن لگا کر چائے کے ساتھ ٹیبل پر رکھتیں ، ہم دونوں یونیفارم پہن کر آتیں تو اس طرح کس کر ہمارے بال بناتی کہ دونوں آنکھیں جھلک پڑتیں ، جرابیں پہنا کر کہتی اب جلدی ناشتہ کرو اور خبردار کپڑے خراب مت کرنا اور نہ ہی پلنگ پر دوبارہ سونا اسی طرح کرسی پر بیٹھے رہنا ہے ۔ہم دونوں معصوم بے زبان صرف گردن سے سر ہلا دیتیں ـ ساڑھے چھ بجے سے تیار کر کے کرسیوں پر بٹھا دیتی ،اور خود جاکر سو جاتی ،اٹھ بجے تک ہم دونوں نیند سے اونگھتے رہتے ۔آٹھ بجے بابا کے ساتھ اسکول جانے کے لئے گھر سے نکلتے اور ہماری آپی خود آٹھ بجے آرام سے نیند سے اٹھ کر آرام سے اسکول جانے کے لئے تیار ہوتی ــــآج بھی ہم دونوں بہنیں اپنی معصومیت پر ہنستی ہیں اور لطف اندوز ہوتی ہیں۔




































