
افروز عنایت
ابو آپ کو نہیں معلوم، آپ ابھی تک پرانے زمانے میں جی رہے ہیں، آج کل یہ سب نہیں چلتا ۔ہر کام اس موبائل فون کے ذریعے ممکن ہے، مصروفیت کا
دور ہے، سب کو واٹس ایپ پر دعوت نامے بھیج دیں جس کو آنا ہوگا ،ضرور آجائے گا ـ۔ـ
(یعقوب صاحب غصے سے)تمہارا مطلب ہے کہ میں بیٹے کی شادی کی دعوت اپنے بہن بھائیوں کو بھی واٹس اپ میسجز کے ذریعے پہنچاؤں۔ ایسی بے مروتی آج کی نوجوان نسل ہی کرسکتی ہے ،ہم یہ نہیں کرسکتے۔ باپ کی بات سن کر جنید غصے سے یہ کہتے ہوئے باہر چلا گیا کہ ابو کسی اور کی سنتے کہاں ہیں ۔کیا ہم بے عقل ہیں۔ ہمیں آپ نے اعلیٰ تعلیم کس لئے دلوائی ہے ؟
مزکورہ بالا نوعیت کی گفتگو کچھ گھرانوں میں بزرگوں اور نوجوانوں کے درمیان دیکھی گئی ہے ،قصور کس کا ہے یقیناً دونوں طرف کا ہے جس کی وجہ سے ایک چھت تلے رہنے والے ایک دوسرے سے دور ہوتے جارہے ہیں، دانا کہتے ہیں کہ حسن سلوک ،مشاورت ، تحمل و برداشت بردباری اور ایک دوسرے کی رائے کو اہمیت دینے سے دوریاں ختم ہو تی ہیں اور رشتے ایک تسبیح کے دانوں کی طرح جڑے رہتے ہیں۔
"میں " کے بجائے "ہم " کی گردان ایک چھت تلے رہنے والوں کو قریب لاتی ہے ،ہم نے اپنے بزرگوں میں یہی خصوصیت دیکھی گھر کے چھوٹے بڑے معاملات میں سب کو اپنی اپنی رائے دینے کا حق حاصل تھا پھر باہمی مشاورت سے کسی ایک کی رائے کو سب قبول کرتے اس طرح سب کو محسوس ہوتا تھا کہ گھر میں ہماری اہمیت بھی ہے یعنی گھر کے اس خوشگوار ماحول میں سب کا حصہ شامل تھا ،آج بھی بہت سے گھرانوں میں پرانی اور نئی نسلوں کے درمیان اس طرح کی ذہنی ہم آہنگی ہے جو چھت تلے رہنے والوں کو ایک دوسرے کے قریب لاتی ہے۔ ـــ




































