
افروز عنایت
کتنے خوش نصیب ہیں ہم کہ اللہ رب العزت نے کائنات کی سب سے معتبر اور عظیم ہستی کا ہمیں امتی بننے کا شرف عطا فرمایا ۔ زرا تنہائی میں
تہجد اور فجر کی نماز کے بعد چند لمحے جائے نماز پر بیٹھ کر یہ سوچا کریں کہ میرے اللہ نے تو کتنا بڑا احسان کیا ہے ہم پر کہ اپنے سب سے محبوب ہستی کا امتی بنایا ،خود بخود اللہ رب العزت کے شکرانے کے لئے آنکھیں اشکبار ہو جاتی ہیں ۔ کن کن انعامات ربانی کا ذکر کروں ،ہر قدم پر یوں نوازا ہے میرے مولا
نے گویا کہ سب کے ہاتھوں میں جنت کے داخلے کا پاس تھما دیا ہو ـ ۔واہ میرے مولا۔۔۔سبحان اللہ سبحان اللہ
صرف شب معراج کے موقع پر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو آپ کی امت کے لئے نماز کا جو تحفہ عطا فرمایا گیا ہے ، وہی بے مثال اورقیمتی ہے ــ
پانچ نمازوں پر پچاس نمازوں کا ثواب ۔۔۔ماشاءاللہ
آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا
(معراج کے موقع پر) میرے اللہ سبحانہ وتعالیٰ نے میری امت پر پچاس نمازیں فرض کیں میں نماز کا حکم لے کر واپس آیا ،موسیٰ (علیہ السلام) تک پہنچا تو انہوں نے پوچھا کہ آپ کی امت پر اللہ نے کیا فرض فرمایا ، میں نے کہا "پچاس نمازیں فرض کی ہیں " انہوں نے فرمایا آپ واپس اپنے رب کی بارگاہ میں جائیں کیونکہ آپ کی امت پچاس نمازوں کو ادا کرنے کی طاقت نہیں رکھتی ـ۔ میں واپس رب العزت کی بارگاہ میں گیا تو اس نے اس میں سے ایک حصہ کم کر دیا ـ میں پھر موسیٰ علیہ السلام کے پاس گیا کہ اللہ رب العزت نے ایک حصہ کم کردیا ہے ،انہوں نے کہا دوبارہ جائیے کیونکہ آپ کی امت میں اس کی بھی طاقت نہیں ۔ میں پھر بارگاہ الہیٰ میں حاضر ہوا تو انہوں نے ایک حصہ اور کم کردیا ،میں جب موسیٰ علیہ السلام کے پاس پہنچا تو انہوں نے فرمایا کہ اپنے رب کی بارگاہ میں واپس جائیے کیونکہ آپ کی امت میں اس کی بھی طاقت نہیں .میں واپس گیا تو اللہ سبحانہ وتعالیٰ نے فرمایا کہ یہ نمازیں (عمل میں) پانچ ہیں لیکن (اجر وثواب میں) پچاس نمازوں کے برابر ہے .میری بات بدلی نہیں جاتی ـ۔
اب میں موسیٰ علیہ السلام کے پاس آیا تو آپ نے فرمایا کہ رب کے پاس واپس جائیے (مزید کمی کی درخواست کیجئے ) لیکن میں نے کہا مجھے اب اپنے رب سے حیا آتی ہے ـ پھر جبرائیل علیہ السلام مجھے سدرہ المنتہیٰ تک لے گئے جسے کئی طرح کے رنگوں نے ڈھانک رکھا تھا جن کے متعلق مجھے معلوم نہ ہوا کہ کیا ہیں پھر مجھے جنت میں لے جایا گیا میں نے دیکھا کہ اس میں موتیوں کے ہار ہیں اور اس کی مٹی مشک ہے ـ(صحیح البخاری)
آج ہم میں سے کئی ایسے بندے ہیں جو ان پانچ نمازوں کی بھی ادائیگی مشکل سے کر پاتے ہیں، اگر پچاس نمازیں فرض ہو جاتی تو ایک تہائی مسلمان بھی اس فرض کو ادا نہیں کر پاتے۔ بیشک میرے اللہ نے ہماری آخرت سنوارنے اور اجر وثواب کے لئے ہمیں ہزاروں مواقع فراہم کئے ہیں ، ان مواقع سے اپنی ذات کو محروم رکھنا ،اپنی ذات پر ظلم کرنے کے مترادف ہے۔ ـان انعامات ربانی سے نہ صرف اپنی ذات کو بلکہ اپنی اولاد کو بھی فیضیاب ہونے کی تلقین کرنا دنیا آخرت کی بھلائی حاصل کرنا ہے ـــ




































