
افروز عنایت
ترقی یافتہ اور جدید دور میں بھی آئے روزکے واقعات سے محسوس ہوتا ہے کہ پاکستان بہت پیچھے رہ گیا ہے۔ شہر کراچی میں گل پلازہ میں
لگی آگ پر گھنٹوں قابو پانے میں لگ گئے ۔عمارت کے اندر سینکڑوں جانیں مدد کے لئے چیختی پکارتی رہیں ،کس کرب اور اذیت سے گزری ہوں گی یہ جانیں۔ ـ دیکھتے ہی دیکھتے کتنے لوگ موت کے منہ میں چلے گئے ۔کیا شہر کراچی میں اس جدید ٹیکنالوجی کے دور میں بھی جان ومال اسی طرح سولی پر لٹکے رہیں گے ۔ موت برحق ہے لیکن ان حادثات میں کہیں نہ کہیں قصور سب کا ہے۔ ـ یہ حادثہ کیوں ہوا؟ کیسے ہوا ؟کیوں آگ پر قابو پانے میں گھنٹوں لگے ؟کیا اتنی بڑی عمارت جہاں دن بھر لوگوں کا رش رہتا ہو وہاں حادثات پر قابو پانے کے لئے کس قسم کے انتظامات ہونے چاہئیں ، ذمہ داران اس اہم نکتے سے بے خبر تھے ،بہت سارے سوالات عوام کے ذہنوں میں گردش کر رہے ہیں کہ پاکستان کا سب سے بڑا شہر جدید سہولتوں سے محروم کیوں ہے، گل پلازہ کی بڑی عمارت جس میں 1200 دکانیں ہیں ،اربوں روپے کا مال ان دکانوں میں موجود تھا، ہزاروں کارکنان کی موجودگی ــ۔ اتنے بڑے شاپنگ مال میں جدید سیکیورٹی انتظامات کیوں نظر انداز کئے گئے ؟ کیا بلڈرز اور متعلقہ اداروں کی غلطیاں تھیں جو بھی تھا لیکن جو خاندان اس سانحے سے متاثر ہوئے ہیں وہ زندگی بھر اس درد کو سہتے رہیں گے، ــ اس حادثے سے متعلق دل ہلا دینے والی خبریں سن کر ہر فرد افسردہ ہے ۔
آہستہ آہستہ دوسری خبریں بھی سامنے آتی جا رہی ہیں، اس وقت بھی سو سے زیادہ لوگ لاپتا ہیں ، زندہ ہیں یا نہیں ـــفائر بریگیڈ کی عملے کی سست روی ،اعلی ٰحکام کی لاپروائی ؟؟؟ اتنا بڑا سانحہ ہوا اور اعلیٰ حکام کا وقت پر نہ پہنچنا بے حسی کا ثبوت ہے جبکہ مخلص اور عوام کے درد کو محسوس کرنے والے دوسرے شہروں سے بھی فوری طور پر مدد کے لئے کراچی پہنچ گئے ــ۔ علم و حکمت اختیارات کے ہوتے ہوئے دوسروں کے درد سے جو دل غافل ہو تو ایسے انسان انسان کہلانے کے مستحق نہیں ۔




































