
افروز عنایت
افسر۔۔۔۔نجمہ کی فائل کےصفحات پلٹتے ہوئے گڈ۔۔۔۔ آپ نے اکنامکس میں ماسٹرز کیا ہے لیکن آپ کے پاس کوئی تجربہ نہیں ، آفیسر
اپنی کرسی سے اٹھ کر اس کے بالکل قریب آکر کھڑا ہوگیا ،وہ گھبرا گئی اپنی بڑی سی چادر سے اپنے آپ کو مزید لپیٹنے لگی۔ ــ
مس نجمہ ہمارے ادارے میں (یہ کہتے ہوئے اس نے اپنا ہاتھ نجمہ کے کندھے پر رکھ دیا )نجمہ ایک جھٹکے سے اٹھ کر کھڑی ہوگئی ۔جی سر آپ کیا کہنا چاہتے ہیں ؟؟ (اس کی آنکھوں میں شرم و حیا کی جھلک نمایاں تھی )۔
محترمہ اس جاب میں آپ کو اس قسم کی صورتحال سے واسطہ تو پڑ سکتا ہے، اگر آپ راضی ہیں تو مجھے غلط نہ سمجھیں لیکن آپ کو یہاں اس قسم کی صورتحال سے واسطہ پڑ سکتا ہے جس کے لئے آپ کو ذہنی طور پر آمادہ ہونا چاہیے۔ ــــ
نجمہ (غصہ کو ضبط کرتے ہوئے) سوری میں آپ کے معیار پر نہیں اتر سکتی سر، (اس نے اپنا فائل اٹھایا اور دروازے کی طرف بڑھ گئی ۔
نجمہ کا گھرانہ اسلامی تعلیمات سے روشناس تھا ،دونوں بہنیں اگرچہ اعلیٰ تعلیم یافتہ تھیں مگر جب گھر سے باہر نکلتیں تو بڑے سےچادر نما دوپٹے سے اپنے آپ کو ڈھانپ لیتیں، ـ آج بھی وہ ضرورت کی وجہ سے یہاں ملازمت کے لئے آئی تھی اور دعا مانگتی آرہی تھی کہ اللہ میری مدد کرنا ، مجھے اچھے لوگوں کے ساتھ ملانا۔
دیکھا جائے تو اس حجاب اور حیا سے متاثر ہوکر ہی آفیسر نے اس سے اس قسم کا رویہ رکھا تاکہ وہ جان لے کہ یہاں آسے آزاد ماحول میں رہنا ہوگا کیونکہ وہ اسے آج کل کی لڑکیوں سے کچھ مختلف لگ رہی تھی ۔آفیسر اسے کسی دھوکے میں نہیں رکھنا چاہتا تھا۔ _
اس کی نیت اور پاکیزگی کی وجہ سے کچھ ہی عرصہ میں اسے ایک اسکول میں نوکری مل گئی جہاں کی مالکن خصوصا ًاس کی شرم و حیا اور سنجیدگی اور ایمانداری سے بہت متاثر ہوئی ،حالانکہ اسے عارضی طور پر رکھا گیا تھا لیکن کچھ ہی عرصہ میں مالکن نے نوٹ کیا کہ نہ صرف نجمہ شرم حیا والی ہے بلکہ اپنی ذمہ داریوں کو بھی نہایت ایمانداری سے انجام دیے رہی ہے ۔مالکن کو کافی عرصے سے ایسی ہی ٹیچر کی ضرورت تھی ۔لہٰذا اس نے اسے اچھی تنخواہ کے ساتھ مستقل ٹیچر رکھ دیا کیوں کہ استاد روحانی والدین کا درجہ رکھتے ہیں، اسی قسم کی استاد آج کے اس دور کی اہم ضرورت ہیں۔
کل تک جو لوگ اسے اس حجاب کا طعنہ دے رہے تھے کہ یہ تمہاری ترقی کی راہ میں رکاوٹ بنے گا تمہاری اعلی تعلیم بھی اس کی وجہ سے بیکار جائے گی لیکن آج اسی حجاب اور شرم و حیا کی وجہ سے ہی اسے عزت اور تحفظ حاصل ہوا تھا ۔
میڈم زرینہ کا فی عرصے سے اپنے چھوٹے بھائی کے لئے رشتہ تلاش کر رہی تھی،بھائی کی خواہش کے مطابق نجمہ میں اسے بھائی کے پسند کے مطابق خوبیاں نظر آئیں ۔اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ ساتھ اس میں وہ تمام خوبیاں موجود تھیں جس کی بھائی نے خواہش کی تھی ـ۔ـــ
دانش خود بھی قابل اور بہت سی خوبیوں کا مالک ہونے کے ساتھ ساتھ صوم صلوٰۃ کا پابند نوجوان تھا لہٰذا دونوں گھرانوں کی باہم رضامندی سے نجمہ اور دانش رشتہ ازواج میں منسلک ہو گئے۔ ـــ
کل تک جو رشتے دار نجمہ کی ماں کو سمجھانے کی کوشش کرتے تھے کہ تم نے بچیوں کو گنواروں کی طرح پالا ہے اور آج کل ایسی لڑکیوں کے رشتے نہیں ہوتے۔ ماڈرن سوشل قسم کی لڑکیوں کو پسند کیا جاتا ہے ـ ،انہوں نے دیکھ لیا کہ اس متوسط گھرانے کی لڑکی کا ناطہ اسی شرم وحجاب کی وجہ سے اللہ رب العزت نے اعلیٰ گھرانے کے ساتھ جوڑ دیا ۔
بیشک ابھی بھی اسلامی تعلیمات کی پیروی کرنے والے بہت ہیں جنہیں رب العزت کامیابی سے نوازتا ہے ــــ




































