
افروز عنایت
انسان گہری نیند کی آغوش میں دنیا جہاں سے بے خبر سو رہا ہو اور کوئی اٹھائے تو بڑا گراں اور ناگوار گزرتا ہے اور اگر موسم
سرد ہو تو نرم اور گرم بستر سے باہر نکلنا ہی جوئے شیر لانے کے مترادف ہوتا ہے اور اس وقت اذان فجر کی آواز کانوں میں پہنچے کہ نماز نیند سے بہتر ہے ۔،
آؤنماز کی طرف ،آؤ بھلائی کی طرف۔۔اس آواز پر جس نے لبیک کہہ کر بستر کو چھوڑا گویا نفس پر قابو پالیا ،یہی مومن کی پہچان ہے ۔بیشک صبح کا اٹھنا بندے کو گراں گزرتا ہے لیکن اس مؤذن کی صدا پر جس نے بستر چھوڑا اور بارگاہ الہیٰ میں سربسجود ہوگیا ،وہ اپنے رب کے قریب ہوگیا، ویسے تو میرے رب کا دربار اپنے بندوں کی حاضری کے لئے ہر گھڑی کھلا رہتا ہے لیکن یہ صبح کی گھڑیاں حاضری کے لیے انتہائی معتبر ہیں اور اس کا اجر ثواب بھی بے انتہا ہے، ان گھڑیوں میں تہجد اور فجر پر خود بخود آنکھوں سے بہتے آنسو اور لبوں کی جنبش پروردگار کے حضور شکرانہ ادا کرتے ہیں کہ اے رب مجھ گنہگار کی کونسی ادا تجھے بھاگئی کہ اپنے دربار میں لے آیا، ورنہ میں تو نیند کی آغوش میں بے سدھ پڑا تھا ،ان گھڑیوں میں بندہ اپنی خوش نصیبی سمجھتا ہے کہ اللہ نے اسے اپنے حبیب مصطفٰی کا امتی بنا کر اسے اس دربار میں حاضری کا شرف عطا فرمایا ۔
تہجد کی نماز اللہ کی پسندیدہ ہے تو نماز فجر کو بھی لاڈلی نماز کہا گیا ہے۔ دیکھا جائے تو یہ وقت دربار الہیٰ میں حاضری کے لئے نایاب اور انمول ہے
احادیث مبارکہ سے بھی ان نمازوں کی فضیلت اور اہمیت واضح ہے
مسلم کی حدیث مبارکہ کا مفہوم ہے کہ جو صبح کی نماز ادا کر لے وہ اللہ کے حفظ و امان میں آجاتا ہے ،اسی طرح آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا کہ جو شخص نماز فجر پڑھنے کے بعد اپنی جائے نماز پر بیٹھا رہے تو فرشتے اسکے لئے دعا کرتے ہیں فرشتوں کی دعا یہ ہوتی ہے کہ اے اللہ اس بندے کی مغفرت فرما، اے اللہ اس بندے پر رحم فرما (مسند احمد )، سبحان اللہ
اب جنہیں صبح کا اٹھنا گراں محسوس ہوتا ہے وہ دیکھ لیں کہ ان گھڑیوں میں کیا خزانہ پوشیدہ ہے ۔ویسے بھی کہا جاتا کہ صبح سویرے اٹھنا ہر لحاظ سے با برکت ہے، نہ صرف بندہ رب کی رضا اور قرب پالیتا ہے بلکہ صبح کو رزق کے دروازے بھی کھلتے ہیں، اسی لئے دیر گئے تک سونا نحوست ہے ۔
بیشک دنیا وآخرت کے خزانے اسی صبح کی بیداری اور بارگاہ الہیٰ میں سربسجود ہونے میں پوشیدہ ہے جو یہ خزانہ پالے یقیناً وہ بڑا خوش نصیب ہے لہٰذا ان مبارک معتبر گھڑیوں سے اپنے آپ کو محروم رکھنا بڑا خسارہ ہے ۔




































