
افروز عنایت
بچپن میں اماں ایک کہانی سناتی تھیں کہ پرانے وقتوں میں ایک آدمی اپنے بیوی اور بچوں کے ساتھ( دوسرے گاؤں میں جانے کے
لئے)سفر کر رہا تھا راستے میں کھانے پینے کی اشیاء ختم ہوگئیں ،بھوک اور پیاس سے سب نڈھال ہورہے تھے، آخر اس نے ایک جگہ پڑاؤکیا اور سامنے درخت پر بیٹھے پرندے کو دیکھا بیوی سے کہا کہ تم بیٹوں کے ساتھ مل کر لکڑیاں چن کر آگ جلاؤ میں اس پرندے کو پکڑنے کی کوشش کرتا ہوں ۔دونوں بیٹے جو پندرہ سولہ سال کی عمر کے تھے بولے ہم تو تھک چکے ہیں، ہم درخت سے لکڑیاں نہیں توڑ سکتے ،بیوی نے کہا میں اکیلے آگ کیسے جلاؤں سب آپس میں بحث کرنے لگے ۔اب اس آدمی نے سامنے جو دیکھا تو پرندہ بھی وہاں سے اڑ کر دور اونچے درخت پر جا بیٹھا تھا جو اس آدمی کی پہنچ سے دور تھا۔
اماں اس کہانی کو یہیں ختم کر کے کہتی ہیں کہ یہ اس کنبے کی نا اتفاقی کا نتیجہ تھا کہ ہاتھ آیا رزق بھی چھن گیا۔ آج ہم مسلمانوں کی بھی یہی حالت ہے ،دور مت جائیں وطن عزیز کی تاریخ کو ہی ملاحظہ فرمائیں مقبوضہ کشمیر ہمارا ہوتے ہوئے بھی ہمارا نہیں رہا۔ مشرقی پاکستان ،پاکستان کا ایک بازو ہماری کوتاہیوں کی وجہ سے کٹ گیا اور ہم سے جدا ہوگیا، آج ہم کشمیر ڈے منارہے ہیں اور سقوط ڈھاکاپر آنسو بہا رہے ہیں لیکن اپنی غلطیوں کا اعتراف کر رہے ہیں ،نہ ہی ازالہ اور نہ ہی اپنے آپ کو بدلنے کی کوشش کر رہے ۔ ہمارے کھٹ پتلی حکمران جنہیں صرف اور صرف اپنا خاندان عزیز ہے ،اپنے ذاتی مفادات کی وجہ سے نہ ہی انڈیا کے خلاف آواز اٹھا پارہے ہیں اور نہ ہی اقوام متحدہ کے سامنے اپنے جائز مطالبے کے لئے آواز اٹھا پارہے ۔ـــ
کہتے ہیں کہ عقلمند اور غیرت مند ٹھوکر کھاکر جب گہرا زخم کھاتے ہیں تو سامنے تنکا دیکھ کر بھی سنبھل جاتے ہیں، احتیاط کرتے ہیں کہ کہیں دوسرا زخم نہ کھانا پڑے لیکن افسوس بے حد افسوس ہم نہیں سدھر سکے۔ ـ ہمارے صاحب اقتدار اسی پرانی روش پر اب بھی قائم ہیں۔
اللہ رب العزت اب ہماری اس سرزمین پاکستان کو دشمنوں کے شر سے محفوظ رکھے اور ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ غیر مسلموں کے شر سے بھی بچنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین یا رب العالمین




































