
افروز عنایت
ہر سال رمضان المبارک میں اپنے بچپن میں گزارے رمضان المبارک کے مہینے ضرور یاد آتے ہیں ،
اماں کا ایک طریقہ کار تھا جس کی وجہ سے ہم بہن بھائیوں نے چھوٹی عمر میں ہی نماز پڑھنا اور روزے رکھنا شروع کر دیے تھے ، اماں سحری میں سب بچوں کو اٹھا دیتی تھیں کہ تم لوگ بھی سحری کرلو چھوٹے بچوں کا روزہ دوتین گھنٹوں کا ہوتا ہے،لہٰذا ہم دوتین گھنٹے کچھ نہ کھاتے پیتے اور دل جھوم اٹھتا کہ ہم بھی روزہ دار ہیں ، پھر اذان فجر ہونے کے بعد آپی (بڑی بہن ) ہم دونوں چھوٹی بہنوں کو فجر کی نماز اپنے ساتھ پڑھاتی ـ اس طرح آہستہ آہستہ ہم بھی روزے داروں اور نمازیوں کی صف میں شامل ہوتے گئے پھر پہلا روزہ بڑوں کی طرح رکھنے پر انعام سے بھی نوازا گیا ،ماشاءاللہ
بابا اور اماں رمضان المبارک کی فضیلت اور روزے رکھنے کی برکات سے بھی آگاہ کرتے رہتے تھے،آج بھی کچھ مائیں ان پرانی ماؤں کے اصولوں اور طریقوں کو اپناتی ہیں یا ان کے کہنے کے مطابق عمل کرتی ہیں، ـ ماشاءاللہ
والدین کی ذمہ داری صرف بچوں کو پالنا اور پڑھانے لکھانے تک محدود نہیں بلکہ اسلامی تعلیمات کے مطابق ان کی تربیت کرنا اولین فرض ہے، ــ
یعنی اولاد کی کامیابی صرف دنیاوی زندگی تک محدود نہیں بلکہ ان کی تربیت ایسی کرنی چاہیے کہ وہ نہ صرف والدین کے لئے صدقہ جاریہ بن سکیں بلکہ اپنی آخرت بھی سنوار سکیں اور اس کے لئے والدین کو ان کے بڑے ہونے کا انتظار نہیں کرنا چاہیے بلکہ یہ بیج ان کے بچپن میں ہی ان کے اندر بونا چاہیے تاکہ وقت پر وہ پھل دار پودہ بن سکیں ،ماشاءاللہ
یعنی بلوغت تک پہنچنے پر وہ حقوق اللہ اور حقوق العباد کی ادائیگی کے قابل بن سکیں ـ دیکھا گیا ہے کہ جو والدین اپنے بچوں کی پرورش اور تربیت اسلامی تعلیمات کی روشنی میں کرتے ہیں یقیناً وہ بچے بلوغت میں پہنچ کر شریعت سے ہٹ کر کوئی کام کرنے سے ڈرتے ہیں ،یہ ماہ مبارک تو تربیت نفس کا بہترین ذریعہ ہے ـ ہماری اماں ہم چھوٹے بچوں کو بھی رمضان المبارک میں سب کے سامنے کھانے پینے سے منع کرتی اور اگر کوئی بچہ جھوٹ بولتا تو فوراً کہتیں کہ جھوٹ بولنا تو ویسے ہی گناہ ہے اور روزے کی حالت میں تو اس کا گناہ دگنا ہو جائے گا، فورا ًاللہ سے معافی مانگو ـــ ۔یقیناً یہ طریقہ بچوں میں بھی گناہوں سے بچنے کی خوبی پیدا کرے گا ـ، اس قسم کی تربیت سے ہی بچے بلوغت کی عمر میں پہنچ کر پرہیز گار بن جائیں گےلیکن اگر بچپن سے ہی بچوں کو بے لگام چھوڑ دیا جائے گا کہ وقت آنے پر خود سمجھ جائیں گے روزے بھی رکھیں گے اور نماز بھی پڑھیں گے ـ ہوسکتا ہے کہ آگے چل کر انہیں ایسی صحبت مل جائے جو انہیں نیکی اور بھلائی کی راہ دکھانے میں مدد گار ثابت ہوں لیکن ایسے امکانات بہت کم لوگوں کو نصیب ہوتے ہیں ،لہٰذا والدین بچپن سے ہی اپنے بچوں کی اسلامی تربیت کی آب بیاری کا فریضہ انجام دیں کیونکہ نیک اولاد مرنے کے بعد ہی والدین کے لیے صدقہ جاریہ نہیں ہوتی بلکہ زندگی میں بھی آنکھوں اور دل کی ٹھنڈک کا باعث بنتی ہے۔




































