
افروز عنایت
اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جس نے ہر شخص کو اس کے حقوق سے نوازا ہے، خصوصاً عورت
جو اس معاشرے کا ایک اہم ستون ہے ،زمانہ جاہلیت میں سب سے حقیر ہستی کو کیڑے مکوڑوں کی طرح روندا جاتا تھا ،حقیقی معنوں میں دین اسلام نے ہی اسے عزت وعظمت عطا کی اور جینے کے حق سے نوازا ۔ ــ عورت ہر روپ میں چاہے وہ ماں ہو ،بہن ہو ،بیٹی ہو، بیوی ہو چاہے عام عورت ہی کیوں نہ ہو ہر روپ میں اسے جو عزت و توقیر سے نوازا گیا ہے ، اس کی مثال کسی دوسرے مذہب و معاشرے میں نظر نہیں آتی۔ ــ
ہم مسلمان عورتوں کے لئے سب سے بڑا اعزاز یہ ہے کہ سورہ النساء ہم عورتوں کے لئے نازل فرمائی گئی ہے جس میں عورتوں کے حقوق کی وضاحت کی گئی ہے، اسی طرح سورہ احزاب اور سورہ النور میں بھی عورتوں کے لئے خاص احکام جاری کیے گئے ہیں جن کی بدولت عورت کو معاشرے میں مضبوط مستحکم معتبر حیثیت ملی ہے۔
قرآن پاک میں جن معتبر معزز خواتین کا ذکر کیا گیا ہے، وہ ہم سب خواتین کے لئے اعلی مثال ہیں جن میں حضرت مریم ، حضرت آسیہ ، اماں عائشہ شامل ہیں جن کا صبر استقامت اور پاکیزگی رہتی دنیا تک ہم مسلمان عورتوں کے لئے نہ صرف باعث فخر و اعزاز ہے بلکہ باعث تقلید بھی ہے ۔ـــ
آج کی عورت ان احکام الہیٰ کے مطابق اپنے آپ کو ڈھال لیتی ہے ،یقیناً وہ قابل تحسین و قابل تعریف ہے، ایسے ہی عورت اپنی اولاد کے لئے پہلی درسگاہ ہے ، شوہر کے گھر کی پاسبان ، ایسی بہن اور بیٹی ،باپ اور بھائی کی عزت اور وقار کا باعث بن سکتی ہے، سبحان اللہ
ہم عورتوں کو فخر ہے کہ اللہ رب العزت نے ہمیں یہ خاص اعزاز اور رتبہ عطا فرمایا ہے جس کی وجہ سے ہم آج اپنے گھروں کی ملکائیں ہیں، ایسی ہی مسلمان عورتیں آخرت میں اللہ رب العزت کی طرف سے بیش بہا انعامات کی حقدار ہوں گی ،ان شاءاللہ
رب العزت ہم سب کو بھی توفیق عطا فرمائے کہ ہم اپنے رب کے احکام کے مطابق زندگی گزاریں، آمین ثم آمین یا رب العالمین




































