
افروز عنایت
مما یہ بھی پیسے آپ کسی غریب کو دے دیجئے گا ــ
اسد بیٹا یہ پیسے کہاں سے آئے ؟
مما میں نے اپنے جیب خرچ میں سے بچائے تھے ۔آپ اللہ کی خوشی حاصل کرنے کے لئے زکوٰۃ اور خیرات کسی غریب کو دیتی ہیں ،مجھے بھی اپنے اللہ کو خوش کرنا ہے۔بیٹے کی بات سن کر سعدیہ کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو بہہ نکلے ۔ اس نے آٹھ سالہ بیٹے کو گلے لگا کر پیار کیا اور پوچھا ، تم یہ رقم کسے دینا چاہو گے کوئی ضرورت مند تمہاری نظر میں ہے ؟؟
مما وہ ہمارے اسکول کے چوکیدار بابا کا بیٹا ہے نا ، میں یہ پیسے اسے دے دوں ـ۔۔۔ـ
بالکل صحیح ۔۔
سعدیہ نے اسد سے پیسے لے کر گنے اور اس میں ایک ہزار کا ایک نوٹ شامل کرکے لفافے میں ڈال کر اسد کو دیئے کہ کل چوکیدار بابا کے سامنے اس کے بیٹے کو دینا لیکن بیٹا اپنے دوستوں کے سامنے اور دوسرے لوگوں کے سامنے نہیں دینا ــ۔
کیوں مما ؟؟
اس لئے کہ اسے دوسروں کے سامنے تم سے پیسے لیتے شرمندگی ہوگی اور ہمارا اللہ خوش اس میں ہوتا ہے کہ ہم خاموشی سے کوئی نیکی کا کام کریں ــ
جی مما ٹھیک ہے۔ـ
اسد بیٹا آپ کو معلوم ہے کہ اس مہینے میں زکوٰۃ ،خیرات صدقات اور ہدیہ دینے کی خصوصی طور پر تاکید کی گئی ہے تاکہ اللہ کے ضرورت بندے نہ صرف سحری افطاری کا بندوست کر سکیں بلکہ عید کی خوشی کے موقع پر نئے کپڑے وغیرہ بھی بنوا سکیں۔
ــمما میں اگلے سال عید پر کسی کی مدد کرنے کے لئے ابھی سے پیسے جمع کرنا شروع کر دوں گا۔ان شاءاللہ
سعدیہ رات کو سارے کام نمٹا کر بستر پر سوئی تو اسد کی بات یاد کر کے مسکرائی اور شکر ادا کیا کہ اس چھوٹی سی عمر میں اس میں اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کا اور غریبوں کی مدد کرنے کا جذبہ موجود ہے ــ۔ــ
مذکورہ بالا نوعیت کا یہ واقعہ دیکھ کر احساس ہوا کہ بچوں کی اس قسم کی تربیت ان کی ابتدائی عمر میں ہی شروع کر دینی چاہیے۔ ــ بہت سی مائیں صوم و صلوٰۃ کے لئے بھی بچوں کو نصیحت کرتی رہتی ہیں لیکن حقوق العباد کی ادائیگی کی طرف دھیان نہیں دلاتیں جو بہت ضروری ہے ۔آج ہمارے معاشرے میں اس چیز کی کمی نظر آتی ہے، دوسروں کی تکلیف پریشانی اور مشکل حالات کو دیکھنے کے باوجود صاحب حیثیت لوگوں کی طرف سے چشم پوشی برتی جاتی ہے ۔آج ہمارے آس پاس کئی ایسے سفید پوش ضرورت مند موجود ہیں جو ضرورت مند ہونے کے باوجود دوسروں کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلاتے ۔ ایسے لوگوں کی مدد کرنا افضل نیکی ہے اور اس ماہ مبارک میں تو ہر نیکی کا اجر وثواب دگنا ملتا ہے پھر کیوں ہم اپنے آپ کو اس اجر وثواب کے خزانے سے محروم رکھیں ۔ــ
رب العزت ہم سب کو رمضان المبارک کی ان با برکت گھڑیوں سے فیضیاب ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین




































