
افروز عنایت
صحیح بخاری کی حدیث مبارکہ ہےکہ جو شخص لیلتہ القدر کا قیام کرے ،ایمان اور احتساب کے ساتھ اس کے گزشتہ گناہ بخش دئیے جائیں گے۔
اس نوعیت کی احادیثِ اور ارشادات ربانی سے واضح ہے کہ ہمارا رب ہمیں جہنم سے نجات کے بار بار مواقع فراہم کر رہا ہے۔
یہ آیات اور احادیث اللہ رب العالمین کی امت مسلمہ سے محبت کا ثبوت ہے۔ ان ایام اورطاق راتوں میں اخلاص کے ساتھ عبادت اور ہر نیکی کے کام کی بڑی اہمیت ہے، ویسے ہی پورا ماہ رمضان امت مسلمہ کے لیے اجر وثواب کا ذریعہ ہے، پھر یہ عشرہ جس میں اللہ رب العالمين کا کلام اس کے پیارے حبيب مصطفيٰ صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل ہوا جس کی شان وعظمت سے کائنات کے اندھیروں کو ختم کرکے اسلام کی شمع روشن کی گئی ۔اس دن کی کیا اہمیت و فضیلت ہوگی( سبحان اللّٰہ) لہٰذا ان قیمتی لمحوں کو ضائع کرنا اپنی ذات پر ظلم کرنے کے مترادف ہے۔
بعض لوگ ان ایام کو صرف عبادت و نوافل میں گزارنے کو افضل سمجھتے ہیں جبکہ ان ایام میں کی گئی ہر چھوٹی سے چھوٹی نیکی کا بھی اجر ضائع نہیں جائے گا جیسا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ ہمارے دین میں حقوق العباد کی پاسداری کا حکم بھی بڑی سختی سے دیا گیا ،ان کی ادائیگی میں کسی قسم کی کوتاہی اللہ کی ناراضی کا سبب بن جاتی ہے جو لوگ کسی مجبوری اعتکاف سے محروم رہتے ہیں وہ یہ نہ سمجھیں کہ ہم ان ایام خاص میں نیکیوں کے خزانے کو سمیٹنے سے محروم رہ گئے ہیں بلکہ وہ دوسری اخلاص سے کی گئی نیکیوں کے خزانے سے اپنی جھولی بھر سکتے ہیں، مثلاً بوڑھے والدین کی خدمت اور انہیں خوش رکھ کر تو عام دنوں میں ہی بندہ اپنے رب کی رضا حاصل کرلیتا ہے تو ان خاص ایام میں اس کا اجر وثواب کتنا ہوگا۔
بندہ ایک مسکراتی نظر ان پر ڈالنے سے حج مقبول کی سعادت حاصل کر سکتا ہے تو ان ایام خاص میں بندہ اپنے والدین کی خدمت کر کے اور انہیں راضی کرکے کس قیمتی خزانے سے اپنا دامن بھر سکتا ہے، سوچیں پھر عزیز واقارب کا خیال رکھنا ،کسی ایسے ضرورت مند تک اللہ کا رزق پہنچانا جو دوسروں کے سامنے ہاتھ بھی نہیں پھیلاتے۔ کسی کے درمیان صلح کرانا کسی کو ایسی فائدہ مند بات پہنچانا جس سے سامنے والے کا بھلا ہو جائے ،یہ بھی بڑی نیکیاں ہیں،لیکن دوسری تمام نیکیوں کے ساتھ ساتھ ان عشرہ کی طاق راتوں کے آخری لمحات میں اپنے مالک حقیقی کی عبادت سے اپنے آپ کو محروم رکھنا اپنی ذات کے ساتھ نا انصافی ہوگی، لہٰذا پوری رات نہ سہی رات کے کچھ پہر خصوصاً رات کے آخری پہر اللہ کے حضور سر بسجود اپنے گناہوں کی معافی طلب کرنا بے حد ضروری ہے کیونکہ میرے نبی کریم کا بیان ہے کہ رمضان المبارک ایسا برکت کا مہینہ ہے کہ اس کے اول حصہ میں اللہ کی رحمت ہوتی ہے اور درمیان کے حصے میں بندوں کے گناہ بخشے جاتے ہیں اور آخر کے حصے میں بندوں کو دوزخ سے. چھٹکارا ہوجاتا ہے ــ
آئندہ برس یہ مباک ماہ ملےنہ ملے اس سال کی طاق راتوں سے اپنی مغفرت اور بخشش کا سامان سمیٹنا ضروری ہے۔الله رب العزت ہم سب کو اس ماہ مبارک کے آخری عشرے کی برکات اور رحمتوں سے نوازے۔ آمین ثم آمین
بے شک یہ ایام امت مسلمہ کے لئے آخرت کو سنوارنے کے لئے اللہ رب العزت کا عطا کردہ عظیم ترین خزانہ ہیں۔




































