
عصمت اسامہ
آج کل تعلیمی اداروں میں کئی ایونٹس اورتہوارمنانے کارواج عام ہے۔قطع نظراس سےکہ ان کے پس منظر کاعلم ہوکہ کوئی تہوار کیوں منایا جاتا ہے۔ اس کی
تاریخ کیا ہے؟کالجز اوریونیورسٹیزمیں خربوزہ خربوزے کودیکھ کر رنگ پکڑتا ہےاورسب بھیڑیں اندھا دھند ایک دوسرے کےپیچھے چل پڑتی ہیں۔بچوں اورنوجوانوں سےبڑھ کریہ ذمہ داری والدین ،اساتذہ اوراداروں کے مالکان پرعائد ہوتی ہےکہ وہ اپنی نوجوان نسل کو ان تہواروں کی سیلیبریشن سے کیا سکھا رہےہیں۔ اس پر غور فرمائیں ۔
گزشتہ دنوں کراچی کی انڈس یونیورسٹی میں "ہالووین پارٹی "منائی گئی ۔ اس میں شیطان کی پرستش اوراسےخوش کرنے والےسارےامور یعنی شراب نوشی ،لڑکے لڑکیوں کا اکٹھےناچ گانا،بے ہودہ ملبوسات کی بھرمار کےساتھ اسکرین پر شیطانی تصاویر،دجالی تکون ،ابلیس ملعون کا مکروہ چہرہ اور" شیطان تمہاری ترقی سےخوش ہے"جیسے کافرانہ اقوال دکھائے گئے ، یعنی اللہ تعالیٰ کی ناراضی اورعذاب الٰہی کو دعوت دی گئی۔ حیرت کی بات ہے کہ اس تقریب کی سرکاری اداروں سے باقاعدہ اجازت لی گئی تھی۔ مملکت خدا داد پاکستان میں ایسے تہوار منائے جانا لمحہء فکریہ ہےاورنسلوں کی تباہی ہے۔کیا ہم اپنے نوجوانوں کوکفارکےحوالےکررہےہیں ؟اس واقعہ کی تحقیق کی جانی چاہیےاورذمہ داران کےخلاف تادیبی کارروائی ہونی چاہیے۔
" ہالووین" ایک امریکی تہوار ہےجو کئی سو سال پرانی تہذیب میں اکتوبر کے اختتام پر ،فصلوں کی کٹائی اور سخت سردی کی آمد پرمنایا جاتا تھا ۔ان کاعقیدہ یہ تھا کہ اس وقت بدروحیں آسمان سے نیچے اترتی ہیں اوراگر انسان انہیں کھانے پینے کا سامان نہ دیں تو وہ انہیں نقصان پہنچاتی ہیں۔چنانچہ بچےاورنوجوان خود بھی بدروحوں ،بھوتوں اور چڑیلوں کا روپ دھارتےاورآگ جلاتے یعنی بون فائرکرکے شیطان کی پرستش کرتے اور بدروحوں کو رشوت دیتے تھےتاکہ وہ انہیں نقصان نہ پہنچائیں۔
اس کافرانہ تہوارکو اب یورپ میں سرمایہ دارانہ مقاصد کے تحت منایا جاتا ہےاورٹریٹ اورٹرک کے نعرے کےساتھ لوگ دکان داروں کو کہتے ہیں کہ وہ لازماًانہیں کچھ کھانے کا سامان دیں یا پھر اپنےخلاف کسی چال کے لئےتیار ہوجائیں۔ بہرحال اس شیطانی تہوار کا مسلمانوں سے کوئی واسطہ نہیں ہونا چاہیےکیوں کہ یہ ہمارے عقیدہء توحید کےبر خلاف کفرپرمشتمل ہے۔ اس تہوارکے علاوہ گزشتہ چند سال کےدوران کئی تعلیمی اداروں میں ہندووانہ تہوار"ہولی"کو منانے کا رواج بھی عام کیا جارہا ہے اورنظریہء پاکستان پر ضربِ کاری لگائی جارہی ہے۔مقتدرطبقہ اگرخواب غفلت کی نیند سورہا ہے یا پھر مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے تو یہ ذمہ داری ہرمسلمان شہری پر عائد ہوتی ہےکہ وہ اپنی آنکھیں کھلی رکھےاور کم از کم سوشل میڈیا پر آواز بلند کرے تاکہ دوسروں کی آنکھیں بھی کھل سکیں۔
اصل میں ہر قوم کی پہچان ،اس کی مخصوص تہذیب ،عقیدہ واظہار،زبان و ادب،لباس ،تہواراوررہن سہن سے ہوتی ہےجب تک کوئی قوم اپنی مخصوص شناخت کو برقرار رکھتی ہے،اس کا وجود قائم رہتا ہےاور جب وہ دوسری قوموں کی نقالی کرنے لگے تو اس کا وجود مسخ ہونے لگتا ہے اور یہی اس قوم کے زوال کی نشانی ہوتی ہے۔
ہم مسلمان ہیں اور بس یہی ہماری شناخت ہے کہ ہم اس فانی دنیا مین بحیثیت مسلمان زندگی گزاریں اور بحیثیت مسلمان ہی اس دنیا سے رخصت ہوں۔ اس کے علاوہ ہماری کوئی شناخت نہیں۔ ہمارے پیارے آقا صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے آج سے چودہ سو سال قبل ہی تنبیہ فرمادی تھی کہ " جو شخص ،دوسری قوموں کی مشابہت اختیار کرے گا۔ وہ ان ہی میں سے اٹھایا جائے گا"( مسند احمد).
ایک مقام پر ارشاد فرمایا
(نماز کے وقت سنکھ یا ناقوس نہیں بجے گا) " یہ یہودیوں اورعیسائیوں کا طریقہ ہے ،مسلم تہذیب کی شناخت اذان ہے"( صحیح بخاری).
اپنی اسلامی تہذیب کے بارے میں جاننا ،اسلام اور کفر میں فرق کرنا ،عقیدہء توحید کو اپنانااورابلیس کی پرستش سےبچنا ہرذی شعور مسلمان کی ذمہ داری ہے۔
بقول علامہ اقبال
اپنی ملت پر قیاس اقوامِ مغرب سے نہ کر
خاص ہے ترکیب میں قومِ رسولِ ہاشمی




































