
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے پٹھان فیملی کے ممبرز کے شناختی کارڈز کینسل کرنے کیخلاف
درخواست پر پٹھان فیملی کو اپنے برتھ سرٹیفیکیٹس پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریت ثابت کرنے کیلئے ڈومیسائل کی بجائے برتھ سرٹیفکیٹ پیش کرنا ضروری ہے۔
جسٹس شاہد وحید نے ملتان خان ودیگر کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالتی سماعت کے دوران نادرا کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزاران پاکستانی شہری نہیں افغانی ہے، آئی بی رپورٹ کے مطابق ملتان خان ودیگر پاکستانی شہری نہیں، نادرا وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نئے قانون کے تحت شہری کا 1979 سے قبل کی دستاویزات پیش کرنا لازمی ہے۔
درخواست گزار وں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ درخواست گزاران کرم ایجنسی سے 1962 سے پنجاب میں آباد ہیں اور سب کی دستاویزات یہیں سے بنی ہیں اور پوری فیملی کے شناختی کارڈز اور پاسپورٹ بھی یہاں کے بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت ڈی جی نادرا کو شناختی کارڈز بحال کرنے کا حکم دے۔





































