کراچی (رنگ نوڈاٹ کام ) ملیر کھوکھراپار کے عوام پہلے ہی بجلی کی لوڈ شیڈنگ، سیوریج کی ابتر صورتحال ، پانی
کی عدم فراہمی ، کچرے کے ڈھیر سے پریشان تھے کہ گیس کی مسلسل لو ڈ شیڈنگ نے ان کی مشکلات اور پریشانیوں میں مزید اضافہ کردیا۔
خدمت عوام ویلفیئر آرگنائزیشن کے بانی وچیئرمین زاد رحیم ، مرکزی رہنما محمد صا بر خان ایڈوکیٹ،شکیل احمد را ہی اوروسیم الدین نے ملیر کھوکھراپار کے علاقوںA,B,C,C1, اتفاق کالونی، مومن آباد، اور ملحقہ گوٹھوں میں روزانہ مسلسل گیس لوڈ شیڈ نگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پہلےصرف جمعہ اور اتوار کو گیس کے کم پریشر کی شکایت ہوتی تھی لیکن اب صبح، دوپہر رات کو گیس کی لوڈ شیڈ نگ معمول بن گئی ہے جس کی وجہ سے بچوں اور ملازمت پر جانے والے مرد وخواتین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
زاہد رحیم اور انکے ساتھیوں نے جنرل منیجر سوئی سدرن گیس کمپنی سے اپیل کی ہے کہ اس اہم مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جائے نیز ان رہنمائوں نے ممبر قومی اسمبلی کیپٹن ( ر) جمیل احمد خان، ممبر صوبائی اسمبلی سلیم احمد بلوچ سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کے اعلیٰ حکام سے مل کر اس مسئلے سے عوام کو نجات دلائیں۔




































