
ملتان (نمائندہ رنگ نو ،خبرایجنسی) نشترہسپتال ملتان میں کرونا وائرس کے مشتبہ
مریض کی آمد کے بعد ملتان میں اس حوالے سے محکمہ صحت کوہائی الرٹ کردیاگیا۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق ہفتے کے روز محکمہ صحت کے افسران کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں اس بیماری کے حوالے سے خدشات اور حفاظتی انتظامات پر غور کیاگیا۔
محکمہ صحت کے افسروں نے اس حوالے سے اب تک ہونے والی کارروائی سے آگاہ کیا اور رپورٹ پیش کی کہ چینی باشندے کی نشترہسپتال آمد کی اطلاع ملتے ہی ضلع بھرمیں محکمہ صحت کی ٹیمیں متحرک کردی گئیں۔ ملتان میں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے چینی باشندوں کے کیمپ میں جاکر جو سکریننگ کی تھی اس بارے میں بھی حکام کو آگاہ کیاگیا۔
صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشد کو بھی صورتحال سے لمحہ لمحہ باخبر رکھاگیا۔محکمہ صحت کے حکام کے مطابق انہو ں نے ہدایت جاری کی کہ اس بارے میں عوام کو آگاہ رکھا جائے۔ایسے موقع پر بعض لوگ افواہیں پھیلا کر خوف وہراس پیدا کرنا چاہتے ہیں ۔اس کے تدارک کے لئے محکمہ صحت خود عوام کو باخبر رکھے گا۔





































