
واشنگٹن (ویب ڈیسک،خبرایجنسی،فوٹو فائل) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےاسرائیلی وزیراعظم کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے والی بین القوامی فوجداری
عدالت پر پابندیاں عائد کرنے کیلئے ایگزیکٹو آرڈر جاری کردیا۔
انڈیپنڈنٹ اردو کے مطابق وائٹ ہاﺅس نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ایگزیکٹیو آرڈر پر دستخط کئے ہیں، جس میں امریکا اور اس کے قریبی اتحادی اسرائیل کے خلاف تحقیقات کرنے اور غزہ میں شہری آبادی پر مظالم ڈھانے پر اسرائیلی وزیراعظم اور وزیر دفاع کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے والی عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) پر پابندیاں عائد کی جائیں گی۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ دی ہیگ کی عدالت نے منگل کو امریکی صدر کے ساتھ بات چیت کرنے والے اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری جاری کر کے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا ہے۔
حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ ٹربیونل نے افغانستان میں امریکی فوجیوں اور غزہ میں اسرائیلی فوجیوں کے مبینہ جنگی جرائم کی آئی سی سی کی تحقیقات کا حوالہ دیا،امریکی صدر نے آئی سی سی کے اہلکاروں، ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ساتھ کسی ایسے شخص کے خلاف بھی اثاثے منجمد کرنے اور سفری پابندیوں کا حکم دیا جس نے عدالت کی تحقیقات میں مدد کی ہو۔
یہ پابندیاں اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے وائٹ ہاﺅس کے دورے کے بعد ان کی حمایت کا مظہر ہیں جس کے دوران ٹرمپ نے امریکا کے غزہ پر قبضہ کرنے اور فلسطینیوں کو مشرق وسطی کے دیگر ممالک میں منتقل کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا ، امریکا اور اسرائیل میں سے کوئی بھی آئی سی سی کا رکن نہیں ہے، عالمی عدالت کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔




































