
تہران ( ویب ڈیسک ،فوٹو فائل ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر سخت تنقید
کرتے ہوئے کہا ہے کہ غرور اور طاقت کے نشے میں مبتلا حکمرانوں کا انجام تاریخ میں ہمیشہ عبرت ناک رہا ہے، اور ٹرمپ کے ساتھ بھی وہی ہوگا جو فرعون، نمرود اور رضا شاہ کے ساتھ ہوا۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ جو شخص تکبر میں ڈوبا ہو اور پوری دنیا کے فیصلے کرنے کی کوشش کرے۔ اسے یہ ضرور یاد رکھنا چاہیے کہ اقتدار کے عروج پر موجود طاقتور حکمران آخرکار کس انجام سے دوچار ہوئے، انہوں نے کہا کہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ ظلم، غرور اور جبر پر قائم نظام زیادہ دیر تک قائم نہیں رہتے۔ چاہے وہ بظاہر کتنے ہی طاقتور کیوں نہ ہوں۔ فرعون، نمرود اور رضا شاہ کو بھی اپنے دور میں ناقابلِ شکست سمجھا جاتا تھا، مگر ان کا انجام سب کے سامنے ہے۔
ادھر ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکا اور اسرائیل پر ایران میں بدامنی اور فسادات کو ہوا دینے کا الزام عائد کیا ہے۔ ایرانی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل لوگوں کو پیغامات دے رہے ہیں کہ ہم تمہارے ساتھ ہیں، جاؤ اور تخریب کاری کرو۔ صدر کے مطابق یہی وہ قوتیں ہیں جنہوں نے ایران پر حملے بھی کیے۔
ایرانی صدر نے واضح کیا کہ کسی بھی غیر ملکی طاقت کو ایران کے اندر انتشار اور فساد پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور ریاست اس قسم کی سازشوں کا بھرپور اور مؤثر جواب دے گی،دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران مذاکرات کرنا چاہتا ہے اور ملاقات کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران کے خلاف انتہائی طاقتور آپشنز پر غور جاری ہے۔




































