
اسرائیل نے ایران میں جاری حکومت مخالف مظاہروں کی کھل کر حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ اسرائیلی وزیر خارجہ گیدون سار نے
کہا ہے کہ اسرائیل ایران میں احتجاج کرنے والوں کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں گیدون سار نے کہا کہ ایرانی عوام آزادی کے حق دار ہیں اور اسرائیل کو ایرانی عوام سے کوئی دشمنی نہیں، بلکہ اصل مسئلہ ایرانی حکومت ہے، جسے انہوں نے دہشت گردی اور انتہاپسندی کی سب سے بڑی سرپرست قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی حکومت نہ صرف اسرائیل بلکہ پورے خطے اور عالمی برادری کے لیے بھی ایک سنگین خطرہ بن چکی ہے۔
اس سے قبل اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو بھی ایران میں ہونے والے مظاہروں کی حمایت کر چکے ہیں،انہوں نے کہا تھا کہ آزادی کے مظاہرے پورے ایران میں پھیل چکے ہیں اور اسرائیل ایرانی عوام کی جدوجہدِ آزادی کے ساتھ کھڑا ہے، نیتن یاہو نے مظاہروں کے دوران معصوم شہریوں کے قتل کی شدید مذمت بھی کی۔
کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی وزیراعظم نے امید ظاہر کی ایرانی قوم جلد جبر اور ظلم سے نجات حاصل کرے گی اور جب وہ دن آئے گا تو اسرائیل اور ایران ایک بار پھر اپنے عوام کے پُرامن اور خوشحال مستقبل کے لیے شراکت دار بن سکیں گے۔




































