
کراچی(رنگ نو ڈاٹ کام ) خوبرو اداکارہ ماہرہ خان کے حوالے سے ایک انڈین اخبار نے خبرچلائی کہ ماہرہ نے اپنے ایک
پرانے دوست سے ترکی میں منگنی کرلی ہے۔ بس پھر کیا تھا سوشل میڈیا پر آناً فاناً یہ خبر وائرل ہوگئی اور ہرکوئی اس پر اپنی اپنی رائے کا اظہار کرنے لگا،کسی کو حیرت ہوئی تو کسی نے مبارک باد دی۔ واضح رہے کہ ماہرہ خان نے پہلی شادی 2007 میں کی تھی اور وہ ایک بیٹے کی ماں بھی ہیں۔

’’انڈیا ٹوڈے‘‘ نےاپنی رپورٹ میں ماہرہ خان کی جانب سے انسٹا گرام پر ڈالی جانے والی کچھ تصویروں کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پاکستانی اداکارہ نے ترکی میں اپنے دوست سلیم کریم سے منگنی کی۔تصاویر میں ماہرہ خان دوستوں کے ساتھ انتہائی خوش دکھائی دے رہی ہیں،ایک تصویر میں انہیں دوست کے ساتھ ڈانس کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
بھارتی اخبار کا کہنا تھا کہ سلیم کریم ’’سم پیسا‘‘ نامی کمپنی کے مالک ہیں۔تاہم بھارتی اخبار کا یہ بھی کہنا تھا کہ ماہرہ خان یا سلیم کریم نے منگنی کی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے۔

دوسری جانب ماہرہ خان کے قریبی ذرائع نے اس خبرکو جھوٹا قرار دے دیا ہے۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق ماہرہ خان کے قریبی افراد کا کہنا ہے کہ منگنی کی خبریں بے بنیاد ہیں،بھارتی اخبار کی خبر سچی نہیں، اداکارہ نے ترکی میں منگنی نہیں کی،ماہرہ خان دوستوں کے ساتھ ترکی ایک دوست کی شادی میں شرکت کے لیے گئی تھیں۔




































