
اسلام آباد (ویب ڈیسک)پیمرا نے ڈراموں کے مواد کے حوالے سے شکایات کا جائزہ لینے کےلئے کمیٹی تشکیل دینے کا
فیصلہ کیا ہے ۔انٹرٹینمنٹ چینلز پر نشر کیے جانے والے ڈراموں کے مواد میں بہتری کے لیے پیمرا اور پی بی اے کی انٹرٹینمنٹ چینلز پر مشتمل کمیٹی کی کراچی میں میٹنگ ہوئی، جس میں چیئرمین پیمرا محمد سلیم، ڈائریکٹر جنرل لائسنسنگ وکیل خان، جنرل مینجر آپریشن محمد طاہر، جنرل مینجر مانیٹرنگ عمر وقاص قریشی، ریجنل جنرل مینجر اشفاق جمانی اور پی بی اے کی جانب سے صدر پی بی اے شکیل مسعود، طاہر اے خان، جرجیس سیجا، سلطانہ صدیقی، احمد زبیری، اطہر قاضی، عمران انصاری اورعبدالجبار نے شرکت کی۔ انٹرٹینمنٹ چینلز پر نشر کیے جانے والے ڈراموں کے مواد کے حوالے سے شکایات کا جائزہ لینے اور ان پر اپنی سفارشات پیش کے لیے پیمرا اور پی بی اے اتفاق رائے سے ایک پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دیں گے۔ کمیٹی کی سفارشات تمام سٹیک ہولڈرز کے لیے قابل قبول ہوں گی۔ یہ کمیٹی پیمرا اور پی بی اے کی مشاورت سے قائم کی جائے گی۔ کمیٹی آزاد حیثیت کی حامل ہو گی جو کہ اعزازی طور پر کام کرے گی۔ پی بی اے کمیٹی کے دائرہ کارکے حوالے سے ورکنگ پیپر ایک ہفتے میں پیمرا سے شیئر کرے گا۔





































