
اسلام آباد(ویب ڈیسک )ملک میں مہنگائی کی شرح میں گزشتہ ہفتہ کے دوران 0.61
فیصدکا اضافہ ریکارڈکیاگیاہے، ہفتہ رفتہ میں روزمرہ استعمال کے 5 اشیا کی قیمتوں میں کمی، 22 کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 24 اشیا کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا۔
پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق 4 مارچ 2021 کو ختم ہونے والے ہفتہ میں مشترکہ آمدنی والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں پیوستہ ہفتہ کے مقابلہ میں 0.61 فیصد اورسالانہ بنیادوں پر14.95 فیصدکااضافہ ہواہے۔
ہفتہ رفتہ میں چکن کی قیمت میں 5.31 فیصد، کیلا 4.22 فیصد، آلو 3.76 فیصد، چینی 2.81 فیصد، پیاز 2.21فیصد، سرسوں کاتیل 1.32 فیصد، دال ماش 1.31 فیصد، اورانڈوں کی قیمت میں 1.05 فیصد اضافہ ہوا۔ دوسری جانب لہسن کی قیمت میں 7.06 فیصد، آٹا0.84 فیصد، گڑ 0.58 فیصد، ٹماٹر0.51 فیصد اور جلانے کی لکڑی کی قیمت میں 0.50 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔
گزشتہ ہفتہ کے دوران 22اشیا کی قیمتوں میں اضافہ، 5 کی قیمت میں کمی اور24اشیا کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا، سب سے کم یعنی 17,732 روپے ماہوارآمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے مہنگائی کی شرح میں 0.54 فیصدکااضافہ ہواہے۔ 17,733 روپے سے لیکر22,888 روپے، 22,889 روپے سے لیکر29,517 روپے، 29,518 روپے سے لیکر44,175 روپے اوراس سے زائد ماہانہ آمدنی رکھنے والے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.60 فیصد، 0.62 فیصد، 0.67 فیصد اور0.59 فیصدکااضافہ ہواہے۔




































