
کراچی(ویب ڈیسک)آٹے کے نرخوں میں ہوشربا اضافہ، قیمت 135 روپے کلو تک پہنچ گئی۔ قیمت کنٹرول کرنے کے
حکومتی اقدامات بے نتیجہ ثابت ہوئے اور ملک بھرمیں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔15 کلو آٹے کا تھیلا 1550 سے لےکر 2600 روپے تک میں فروخت ہونے لگا۔
سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں فلور ملز کو سرکاری گندم کا اجراءشروع نہ ہونے سے صورتحال بگڑنے لگی۔ قیمتوں میں مسلسل اضافے سے عوام پریشان ہوگئے۔سیلاب زدہ علاقوں میں تقسیم کے لیے بھی آٹے کی طلب میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے۔ مختلف شہروں میں نجی گندم کی قیمت 3500 روپے فی من سے بھی زیادہ ہوگئی ہے۔
وفاقی حکومت نے گندم کی قیمتوں کو کم کرنے کیلئے نجی شعبے کو امپورٹ کی اجازت دینے پر دوبارہ غور شروع کردیا۔ گزشتہ ہفتے اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بھی نجی شعبہ کو 8 لاکھ ٹن گندم امپورٹ کی سفارش کی تھی جسے وفاقی کابینہ نے مسترد کردیا تھا۔پنجاب میں آئندہ ہفتے سرکاری گندم آٹا کی قیمت میں ممکنہ اضافے پر دکانداروں اور ڈیلرز نے ذخیرہ اندوزی بھی شروع کردی۔




































