
اسلام آباد(ویب ڈیسک،خبر ایجنسی)ادارہ شماریات پاکستان کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ملک بھر میں روز مرہ استعمال کی 24 اشیا مہنگی ہوگئیں۔
ضروری اشیا کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.49فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 4.57فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ادارہ شماریات پاکستان نے مہنگائی کی حوالے سے ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران ملک میں روزمرہ استعمال کی 24 اشیا مہنگی ہوگئیں، 8 کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ 19 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
اعدادوشمار کے مطابق مجموعی طور پرملک میں ضروری اشیا کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.49فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 4.57فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ادارہ شماریات پاکستان کی جانب سے قیمتوں کے حساس اشاریہ (ایس پی آئی) سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 16 اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں صارفین کیلئے قیمتوں کا حساس اشاریہ 334.39پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 0.49فیصد اور گزشتہ سال کے مقابلے میں 4.57فیصد زیادہ ہے۔گزشتہ ہفتے کے اختتام پر صارفین کیلئے قیمتوں کا حساس اشاریہ 332.75پوائنٹس اور گزشتہ سال 17اکتوبر کو 319.79 پوانٹس ریکارڈ کیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں 33.20فیصد، پیاز 8.70فیصد، انڈے 2.18فیصد، آٹا 1.42فیصد، لہسن 0.85 فیصد، آلو 0.71ف یصد، بناسپتی گھی 0.63فیصد، ایک کلو بناستی گھی 0.56فیصد، جلانے کی لکڑی 0.40فیصد، ایل پی جی 0.18فیصد، واشنگ سوپ 0.08فیصد اور شرٹنگ کی قیمت میں 0.07فیصد اضافہ ہوا۔اس کیبرعکس چکن کی قیمت میں 6.38 فیصد، کیلا 4.70 فیصد،دال چنا 2.20فیصد، پٹرول 2.09فیصد، ڈیزل 0.55فیصد، باسمتی چاول 0.51 فیصد، دال مونگ 0.49 فیصد اور اری چاول کی قیمت میں 0.03فیصد کی کمی ہوئی۔
سب سے کم یعنی 17732 روپے ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپ کے لئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 1.07فیصد کا اضافہ ہوا، جبکہ 17733 روپے سے لیکر 22888 روپے، 22889 روپے سے لیکر 29517 روپے، 29518 روپے سے لے کر 44175 روپے اور اس سے زیادہ ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپوں کے لئے قیمتوں کے حساس اعشاریہ میں بالترتیب 0.92فیصد، 0.71فیصد،0.59فیصد اور 0.29فیصد کا اضافہ ہوا۔





































