
اسلام آباد (ویب ڈیسک) جمعیت علماء اسلام (ف) نے اسلام آباد میں دو ہفتوں سے جاری دھرنا ختم کرکے آج سے پلان بی
پر عمل درآمد شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
پلان بی کے تحت چاروں صوبوں کی اہم شاہراہیں بند کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ جے یو آئی (ف) خیبر پختونخوا کے امیر سینیٹر مولانا عطاء الرحمان کے مطابق پلان بی کے تحت آج دن دو بجے انڈس ہائی وے کو بند کیا جائے گا۔ پشاور لاہور موٹروے، شاہراہ قراقرم اور چکدرہ کے مقام پر سوات دیر چترال اور باجوڑ شاہراہیں بند کرنے کامنصوبہ ہے۔
ناظم عمومی سندھ مولانا راشد سومروکے مطابق صوبہ سندھ میں کراچی سے بلوچستان کا گیٹ وے حب ریور روڈ بند کیا جائے گا۔
کراچی کے کارکن وہاں پہنچیں گے۔ لاڑکانہ، جیکب آباد اور ملحقہ اضلاع کے کارکن جیکب آباد کے مقام پر دھرنا دے کر سندھ بلوچستان شاہراہ بند کریں گے۔
سکھر، پنو عاقل، شکارپور اور ملحقہ اضلاع کے کارکن گھوٹکی کے مقام پر سندھ پنجاب کا رابطہ توڑیں گے۔ بلوچستان کے ناظم عمومی آغا سید محمود شاہ کے مطابق آج دن دو بجے سے کوئٹہ چمن شاہراہ مکمل بند ہوگی۔




































