
اسلام آباد(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی)مسلم لیگ (ن)کے رہنما ءمصدق ملک نے کہا ہے کہ نواز شریف کے دماغ کو خون سپلائی
کرنے والی شریان بند ہے، سابق وزیراعظم کا معائنہ سوئٹزرلینڈ اور امریکا کے ڈاکٹروں نے کیا، حکومت بار بار غلط بیانی کر رہی ہے ۔
بدھ کو مسلم لیگ(ن) کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطا اللہ تارڑ کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ حکومت غلط بیانی اور سیاسی بیان بازی سے کام لے رہی ہے ، حکومت نے ریاست کو بروکن ہاوس بنا دیا ہے ،مسلسل جھوٹ بول رہی ہے،ریاست کا رشتہ ماں اور بچے کا ہوتا ہے ، نواز شریف کی حالت ٹھیک نہیں ، حکومت نے اکتوبر میں نواز شریف کو اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا اور میڈیکل بورڈ بھی حکومت نے تشکیل دیا جبکہ ڈاکٹر زکی تعیناتی بھی حکومت نے ہی کی تھی اور حکومتی ڈاکٹرز نے تشخیص کی کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس گر رہے ہیں ، نواز شریف کو حکومتی تحویل میں دوسرا ہارٹ اٹیک ہواجبکہ اس سلسلہ میں نواز شریف کو باہر بھیجنے کا فیصلہ بھی میڈیکل رپورٹس کی روشنی میں کابینہ نے کیاتھا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کابینہ کو گارنٹی دی کہ نواز شریف کا باہر جانا ضروری اوراگر یہ غلط بیانی ہے تو پھر غلط بیانی کس نے کی ۔ نواز شریف اب تک لندن کے کئی مختلف اسپتالوں سے علاج کروا چکے ہیں ،نواز شریف کو سنگین نوعیت کا دل کا عارضہ ہے اوران کا ایک اسسٹنٹ ناکارہ ہوچکاہے جبکہ نواز شریف کی گردن کی شریان میں سے ایک شریان بند ہوچکی ہے ، ان کی دماغ کو خون سپلائی دینے والی شریان بند ہوچکی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کی دل کی نالی میں کیمر ہ لگا کر دیکھا جائے گا کون سی شریان بند ہے، ان کے علاج کے لیے پلیٹ لیٹس کا نارمل ہونا ضروری ہے اس حوالے سے ضمانت کے لیے قانونی ٹیم کی مشاورت جاری ہے ،جلد عدالت سے رجوع کرلیں گے ۔




































