
اسلام آباد(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عید الاضحی کے موقع پر یتیم خانہ "دارالحساس" اسلام
آباد کا دورہ کیا ، صدر مملکت یتیم بچوں سے ملے اور انھیں عید کی مبارکباد دی، بیگم ثمینہ عارف علوی بھی اس موقع پر صدر کے ہمراہ تھیں۔
ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اس موقع پر کہا کہ حضور اکرم ﷺ بچوں سے بے پناہ شفقت فرماتے، عید پر یتیم بچوں کا خاص خیال رکھا، ہمیں بھی یتیم بچوں اور نادار افراد کا خصوصی خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں اور معاشرے کے کمزور افراد کے احساس پر مبنی معاشرے کے قیام سے ہی ریاست مدینہ کے خواب کی تعبیر ممکن ہے، بچے جتنی محنت کریں گے اتنا آگے بڑھیں گے اور ملک ترقی کرے گا۔
انہوں نے بچوں کو نصیحت کی کہ ایک دوسرے کا خیال رکھیں، سچ بولیں ۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کیلئے بچوں کی تعلیم اور صحت ازحد ضروری ہے، بچوں کی ذہنی و جسمانی نشوونما اور انہیں غذائی قلت سے بچانے کیلئے تعلیم اور خوراک کی فراہمی ضروری ہے،ان کا کہنا تھا کہ دار الاحساس میں بچوں کو دی جانے والی توجہ لائق تحسین ہے۔




































